عمران خان کو جہاد کونسل کی مبارکباد

مظفر آباد //متحدہ جہاد کو نسل کے چیئرمین اور حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین نے عمران خان کو پاکستانی عوام کی اکثریت کی حمایت حاصل ہونے پر مبارک بادپیش کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ متحدہ جہاد کونسل ترجمان سید صداقت حسین کی طرف سے موصولہ بیان کے مطابق صلاح الدین ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے الیکشن میں کامیابی کے فوراً بعد اپنی تقریر میں جس طرح مسئلہ کشمیر کا ذکر کیا، وہ قابل تحسین ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ نہتے کشمیری عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، بستیاں خاکستر کی جارہی ہیں، معصوم بچے اور بچیاں قتل کی جا رہی ہیں، لیکن دنیا خاموش تماشائی کی حیثیت سے دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے متوقع وزیر اعظم پاکستان سے اپیل کی کہ کشمیریوں کی آزادی کے بین الاقوامی وعدوں کی حمایت کی مہم عالمی سطح پر تیز کی جائے اور مسئلہ کشمیر کا آبرو مندانہ حل، حق خودارادیت کی بنیاد پر نکالنے کے لئے سیاسی اور سفارتی دبائو بڑھایا جائے۔ جہاد کونسل چیئرمین نے واضح کیا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا اہم فریق ہے اور امید ہے کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستانی حکومت سیاسی اور سفارتی محاذ پر ٹھوس حکمت عملی اختیار کرکے اس مسئلے کے آبرومندانہ حل کے لئے اقدامات کرے گی۔