عمران انصاری اور چیف انجینئر بی آر اوگورنر سے ملاقی

 سرینگر//انفارمیشن ٹیکنالوجی اور تکنیکی تعلیم کے وزیر عمران رضا انصاری نے کل یہاں راج بھون میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی ۔ وزیر موصوف نے گورنر کو اعلیٰ تعلیمی سیکٹر بالخصوص کشمیر یونیورسٹی اور جموں یونیورسٹی کے کام کاج سے جُڑے مختلف امور کے بارے میں روشناس کرایا ۔ گورنر نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ہر سطح پر بہتری لانے کی ضرورت پر زور دیا تا کہ ریاست کی مجموعی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے ۔ گورنر نے کہا کہ ریاست کی یونیورسٹیوں اور کالجوں میں کھیل سرگرمیوں کو دوام بخشنے کیلئے اقدامات کئے جانے چاہئیں ۔چیف انجینئر بارڈر روڈز آرگنائیزیشن برگیڈئیر وشال اگروال نے کل گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں بی آر او کی طرف سے عملائے جا رہے مختلف سڑک پروجیکٹوں کی پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی ۔ گورنر نے کنگن ۔ گنڈ ۔ سونہ مرگ ۔ نیل گراٹھ سیکٹر پر تمام تجدیدی کاموں کو وقت پر مکمل کرنے پر زور دیا انہوں نے کہا کہ 28 جون سے شروع ہونے والی امر ناتھ جی یاترا کے پیش نظر اس سڑک کو 20 جون 2018 تک مکمل کیا جانا چاہئیے ۔ گورنر نے ریاست میں سڑک رابطوں کو برقرار رکھنے میں بی آر او کے رول کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ تمام پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جانے چاہئیں ۔