علی محمد ساگر کا خانیار کا دورہ

سرینگر// نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر (ایم ایل اے خانیار) نے کولی پورہ خانیار میں مختلف سہولیات سے لیس زیر تعمیر کمیونٹی ہال کے کام کا جائزہ لیا۔ اس پروجیکٹ پر 16کروڑ روپے صرف کئے جارہے ہیں ، جس سے آس پاس کی آبادی کو مختلف نوعیت کی سہولیات بشمول جم اور علاج و معالجہ بھی فراہم ہوگا۔ اس موقعے پر ساگر نے مقامی آبادی کے ساتھ تبادلہ خیالات کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروجیکٹ اپنی نوعیت کاپہلا اور سب سے بڑا کمیونٹی ہال ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ حلقہ انتخاب خانیارمیں مزید 5بڑے پروجیکٹوں کو ہری جھنڈی دکھائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ آستان عالیہ دستگیر صاحبؒ کی وسعت اور باغ دلاور خان میں شیر کشمیر کالج کی تعمیر کے پروجیکٹ بھی زیر تعمیرہیں۔