سرینگر/جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے محبوس و علیل چیئرمین محمد یاسین ملک کو سوموار کو ڈاکٹروں کی ہدایت پرصورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ صورہ میں داخل کیا گیا ہے۔پارٹی کے ایک بیان کے مطابق ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے ملک کا ملاحظہ کیا اور انہیں ہسپتال میں ہی بھرتی کرنے کا مشورہ دیا جس کے بعد انہیں ہسپتال میں داخل کردیا گیا۔
ملک کو کمر کی شدید تکلیف کے بعد یکم دسمبر کو پولیس نے خیبر ہسپتال پہنچایا تھا جہاں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم، جس میں ملک کے ذاتی معالج ڈاکٹر اوپندر کول بھی شامل تھے، نے ان کا ملاحظہ کیا اور ان کے کئی طبی ٹیسٹ کرائے۔
تشخیص کے دوران ملک کے دونوں گردوں میں پتھریاں ہونے کا انکشاف ہوا جبکہ ان کا آئی این آر بھی معمول کے مطابق نہیں آیا ۔ ان کے گردوں میں موجود پتھریوں اور ان کی کمر میں شدید تکلیف کی وجہ سے ڈاکٹر اوپندر کول کی ہدایت پر ایک سینئر یورولوجسٹ کو بھی کنسلٹ کیا گیا جنہوں نے اس حوالے سے ان کے مزید کئی طبی ٹیسٹ کرانے کا مشورہ دیا۔
پارٹی بیان کے مطابق اسی سلسلے میں آج انہیں صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ پہنچایا گیا جہاں شعبہ امراض قلب کے سربراہ ڈاکٹر پروفیسر نثار احمد ترنبو اور شعبہ یورولوجی کے سربراہ ڈاکٹر پروفیسر سلیم وانی نے ان کا ملاحظہ کیا اور مکمل صلاح و مشورے کے بعد انہیں ہسپتال میں ہی بھرتی رکھنے کا مشورہ دیا۔