علمگری بازار اوروزیر باغ میں آگ | 4رہائشی مکانات اور کیفے شاپ تباہ

SRINAGAR, APR 9 (UNI):- Four residential houses damaged in a devastating fire incident at Alamgari Bazar in downtown Srinagar on Sunday. UNI PHOTO-51U

یو این آئی
سرینگر// سرینگر میں آگ کی دو الگ الگ وارداتوں میں چار رہائشی مکانات اور ایک کیفے شاپ کو نقصان پہنچا۔ شہر خاص کے گنجان آبادی والے علاقے علمگری بازار میں اتوار کی صبح ایک رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً اپنے متصل مزید تین مکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔فائر اینڈ ایمرجنسی اور مقامی لوگوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں اگر چہ آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں چار رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا۔ آگ کی اس واردات میں لاکھوں روپئے مالیت کی اشیاء راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئیں۔دریں اثناء وزیر باغ سرینگر میں بھی اتوار کے روز کیفے شاپ سے آگ نمودار ہوئی تاہم فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ پر قابو پایا گیا۔فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ علمگری بازارمیں اتوار کی صبح چھ بجے کے قریب رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے اپنے متصل مزید دو مکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔انہوں نے بتایا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کی انتھک کوشش اور 9 فائر ٹینڈروں کی مدد سے آگ پر قابو پالیا گیا۔ان کے مطابق گنجان آبادی کے باعث تین رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ۔انہوں نے مزید بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران منکشف ہوا کہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ نمودار ہوئی۔معلوم ہوا ہے کہ آگ کی اس واردات کے دوران پرویز احمد میر ولد مرحوم غلام محی الدین میر، ظفر احمد ملہ ولد علی محمد ملہ ، دلاور حسین ملہ ولد علی محمد ملہ اور غلام احمد ڈار ولد محمد سلطان ڈار کے رہائشی مکانوں کو نقصا ن پہنچا ہے۔