سرینگر/ کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد نے شاعر مشرق علامہ اقبالؒ کو برصغیر کا عظیم فلسفی شاعر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ علامہ اقبالؒ کی ہمہ جہت شخصیت نے انسان کی اہمیت کو اُجاگر کیا ہے۔ کشمیر یونیورسٹی کے گاندھی بھون میں بدھ کو اقبال انسٹی ٹیوٹ آف کلچر اینڈ فلاسفی کے اہتمام سے منعقدہ تین روزہ بین الاقوامی سمیناربعنوان ’’ اُردو، فارسی، فلسفہ، فن اور سائنسی فکر کے فروغ میں علامہ اقبالؒ کی خدمات‘‘کے افتتاحی سیشن میں اپنے خطبۂ صدارت میں پروفیسر طلعت احمد نے بتایا کہ علامہ اقبالؒ وہ واحد شخصیت ہے جنہوںنے اپنے منفرد انداز میں اسلامی فلاسفی کا تقابلہ مغربی فلاسفی کے ساتھ کرتے ہوئے انسان کی اہمیت کو اُجاگر کیا ۔ انہوںنے بتایا کہ اس تعلق سے اقبال انسٹی ٹیوٹ آف کلچر اینڈ فلاسفی کشمیر یونیورسٹی جیسے ادارے کو بڑی اہمیت حاصل ہے۔ اسلئے کشمیر یونیورسٹی کی انتظامیہ ترجیحی بنیادوں پر اس ادارے کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرے گا۔ اس سے قبل پروفیسر بشیر احمد نحوی نے اپنے کلیدی خطبے میں علامہ اقبالؒ کی اُردو، فارسی، فلسفہ، فن اور سائنسی فکر کے تئیں خدمات پر روشنی ڈالی جبکہ اقبال انسٹی ٹیوٹ کے کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر مشتاق احمد نے اپنے خطبۂ استقبالیہ میں ادارے کی تاریخ کا خاکہ پیش کرتے ہوئے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ افتتاحی سیشن میں ڈین اکیڈمک افیرس پروفیسر اکبر مسعود کے علاوہ پروفیسر فاروق احمد مسعودی ڈین اینڈ ہیڈ فوڈ ٹیکنالوجی نے بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے جنہوں نے اپنے خطبہ میں اقبال کو کسی فرقے کے ساتھ جوڑنے کو اُن کے ساتھ ناانصافی قرار دیا جبکہ محمد شاہد حسین، سابقہ چیرمین سنٹر آف انڈین لنگویجز، جے این یو، نئی دہلی نے مہمان اعزازی کے بطور اپنے خطبے میں اقبال کو خراج عقیدت پیش کیا۔ کشمیر یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر نثار احمد میر مہمانِ اعزازی کے بطور سمینار میں مدعو تھے جنہوں نے اقبال کو عظیم فلسفی قرار دیتے ہوئے بتایا کہ یونیورسٹی میں تحقیقی کام کیلئے رقومات دستیاب رکھے گئے ہیں تاکہ ریسرچ کو بڑھاوا دیا جاسکے۔ سمینار کا آغاز تلاوت کلام پاک، نعت رسول مقبول ﷺ اور کلامِ اقبال سے ہوا۔ آخر میں پروفیسر عبدالرشید بٹ، وزیٹنگ فیکلٹی اقبال انسٹی ٹیوٹ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
علامہ اقبالؒ نے انسان کی اہمیت کو اُجاگر کیا: پروفیسر طلعت
