عاصف بٹ
کشتواڑ// ضلع کشتواڑ کے سب ڈویژن پاڈر کے دورافتادہ علاقہ گندھاری کی عوام علاقہ میں بنیادی سہولیات کے فقدان کو لیکر گزشتہ دوروز سے سب ڈویژنل ہیڈکوارٹر پاڈر میں احتجاج پر بیٹھے ہیں۔ جمعرات کی صبح سب ڈویژن سے تیس کلومیٹردور علاقے سے سینکڑوں کی تعداد میں مرد و زن نے پاڈر پہنچ کر احتجاجی ریلی نکالی اور سڑک کو بند کیا جس دوران ان سے انتظامیہ کا کوئی بھی افسر ملنے نہیں آیا جسکے بعد انھوں نے اپنا احتجاج دوسرے روز بھی جاری رکھا۔احتجاج میں شامل سنیتادیوی نامی خاتون نے بتایا کہ 2019میں سڑک کی تعمیر کا کام شروع ہوا اور چند کلومیٹر ہی تعمیر ہوسکی جسکے بعد ابھی تک متعدد مرتبہ اس سڑک پر کام بند ہوا، اور گزشتہ تین ماہ سے سڑک کی تعمیر بند ہے ۔انہوںنے کہا کہ انہیںکبھی ایک بہانہ بتایا جاتاہے تو کبھی دوسرا بہانا،انتظامیہ کے ساتھ جب معاملے کو اٹھایا جاتا ہے تو کہا جاتا ہے کہ محکمہ جنگلات نے تعمیر بند کردی ہے ،ہم اب تنگ آچکے ہیں ،جب تک نہ انتظامیہ ہمیں مکمل یقین دہانی کرائے گی تب تک احتجاج ختم نہیں ہوگا۔ احتجاج کررہی اورایک خاتون نے بتایا کہ ہمیں جموں کشمیر کیساتھ رہ کر کچھ حاصل نہ ہوا جبکہ یہاں کی انتظامیہ ہمیں نظر انداز کرتی ہے اور ہم ہماچل کے ساتھ رہیں گے۔ انھوں نے کہاکہ دوروز سے ہمارے پاس انتظامیہ کا کوئی افسر نہیں آیا،اگر دیگر مقامات کیلئے سب کچھ انتظامیہ کرتی ہے تو پنچایت گندھاری کی عوام کوبنیادی سہولیات سے محروم کیوںرکھا گیاہے۔انھوں نے انتظامیہ سے سڑک پر جلد از جلد کام شروع کرنے کو کہا۔ ان کا مزید کہناتھا کہ علاقہ میں بجلی پانی و دیگر بنیادی سہولیات کا فقدان ہے جبکہ طبی سہولیات نہ کے برابر ہے۔ڈاکٹر کی جگہ مقامی طبی عملے کو رکھا گیا ہے جو سارا نظام چلارہاہے جسکی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔انہوںنے کہا کہ سکولوں میں عملے کی کمی کے سبب بچوں کی تعلیم متاثر ہورہی ہے لیکن باوجود اسکے ہماری طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ جب تک سبھی مطالبات تسلیم نہیں ہونگے ،احتجاج جاری رہے گا۔ ستر سالہ سورج سنگھ نے بتایا کہ علاقہ میں قایم سبھی محکمہ جات غیرفعال ہیں جسکا خمیازہ عوام کوبھگتناپڑرہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ آج تک ان کی بات کسی نے نہ سنی اوروہ مرتے دم تک احتجاج جاری رکھیں گے جب تک ہمارے مسائل پر بات نہیںہوگی۔
علاقہ گندھاری کی مرد و زن دوروز سے پاڈر میں دھرنے پر
