علاقہ وار بازار بند حکمنامہ: تاجروں نے ایجی ٹیشن چھیڑنے کی دھمکی دیدی

 سرینگر//تاجروں نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگرشہرمیں علاقہ واربازاربندش کے حکمنامہ کوفوری طور پر فیصلہ واپس نہیں لیا گیا ،تو  احتجاجی مہم چھیڑ دی جائیگی ۔کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچررس فیڈریشن کے صدر حاجی محمد یاسین خان نے کہا کہ یکطرفہ حکومتی فیصلہ کشمیری تاجروں کو کسی بھی طور قابل ِقبول نہیں ہے ۔یاد رہے کہ محکمہ محنت وروزگار کے کمشنر سیکریٹری نے جموں وکشمیر دکان و قیام ایکٹ 1966کے تحت ایک منفرد حکمنامہ صادر کیا تھا جس کے تحت شہر خاص میں ہر جمعہ اور سیول لائنز میں ہر اتوار کو دکانیں وبازار بند رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچررس فیڈریشن نے شہر سرینگر میں بازار بند رکھنے سے متعلق سرکاری حکمنامہ کو یکطرفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر تاجروں کو بازار بند رکھنے سے متعلق سرکاری کلینڈر یا آرڈر قابل ِ قبول نہیں ہے ۔محمد یاسین خان نے ایک بیان میںبازار بند رکھنے سے متعلق سرکاری حکمنامہ کو تانا شاہی فرمان سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری تاجر برادری کیلئے ایسا کوئی حکمنامہ قابل ِ قبول نہیں ہو گا ،جو اقتصادی اصولوں کے منافی ہو ۔انہوں نے کہا ’ہم زورش زدہ علاقے یا خطے میں رہتے ہیں ،جہاں سرکاری پابندیوں وبندشوں اور ہڑتالوں کے باعث بازار آئے روز بند رہتے ہیں ‘۔انہوں نے کہا کہ سرکاری پابندیوں اور ہڑتال کے نتیجے میں تجارتی مرکز لالچوک اور شہر خاص میں دکانیں ،بازار اور تجارتی مراکز بند رہتے ہیں خان نے کہا ’کشمیری تاجر کیسے حکومت کی منشا ء پر بازار بند رکھیں گے ،یہ فیصلہ نہ صرف یکطرفہ ہے بلکہ تانا شاہی فر مان بھی ہے ‘۔محمد یاسین خان نے سوالیہ انداز میں کہا ’کیا حکومت کشمیری تاجر وں کی تجارت بند کرنا چاہتی ہے ؟‘۔انہوں نے کہا کہ ریاستی سرکار کو اپنے موقف وضاحت کرنی چاہئے کہ کس بنیاد پر ایسا تا نا شاہی فر مان جاری کیا گیا ۔ خان نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر فوری طور پر فیصلہ واپس نہیں لیا گیا ،تو ہمہ گیر احتجاجی مہم چھیڑ دی جائیگی ۔انہوں نے کہا کہ یہ سرکاری حکمنامہ تاجر کُش ہے اور اِس فیصلے پر خاموش تما شاہی بن کر نہیں بیٹھا جائیگا ۔محمد یاسین خان نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے اپیل کی ہے کہ وہ ذاتی طور پر اس معاملے کا نوٹس لیں ،اِس سے پہلے کہ دوسرا کوئی تضاد پیدا ہوجائے ۔یاد رہے کہ16نومبر کو  محکمہ محنت وروزگار کے کمشنر سیکریٹری نے جموں وکشمیر دکان و قیام ایکٹ 1966کے تحت ایک منفرد حکمنامہ صادر کیا تھا جس کے تحت شہر خاص میں ہر جمعہ اور سیول لائنز میں ہر اتوار کو دکانیں وبازار بند رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔یہ حکمنامہ مذکورہ محکمہ کے کمشنر سیکر یٹری حسین رضوی نے جاری کیا ہے جسکے تحت شہر خاص میں ہر جمعہ کو بازار بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔اس حکمنامہ میں علاقوں کی نشاندہی بھی کی گئی ،جس میں بہوری کدل ،راجوری کدل ،عید گاہ ،نور باغ ،صفاکدل ،ایس آر گنج ،عالی کدل ،زینہ کدل ،نوہٹہ ،گوجوارہ ،حول اور نوشہرہ وغیرہ شامل ہے ۔ان علاقوں میں سرکاری حکمنامے کے مطابق ہفتے میں ایک دن بازار بند رہیں گے جبکہ اسی سیول لائنز کے سونہ وار ،بٹہ وارہ ، پانتھہ چوک ،لسجن ،سیمپورہ ،اتھواجن ،زیون ،بالہامہ ،کھنموعہ ،نشاط سے ہارون اور ڈلگیٹ وغیر شامل ہے ،میں اتوار کو دکانیں بند رہیں گی ۔