عطیہ خون کا عالمی دن

سرینگر //پرویز احمد // عطیہ خون کے عالمی دن کے موقع پر انڈین ریڈ کراس سوسائٹی کی جانب سے منعقد کئے گئے کیمپ میں پیر کو 40رضاکار وں نے عطیہ خون کیا اور اسطرح انڈین ریڈ کراس سوسائٹی نے جموں و کشمیر میں عالمی وباء کے ایک سال کے دوران 300پوائنٹ خون جمع کرکے مختلف اسپتالوں کو بھیجا گیا ۔عالمی وبا کے دوران عطیہ خون کرنے والوں میں شبیر حسین 174، غلام حسن میر 74، مشتاق احمد راجہ 50، مشتاق احمد بٹ 60 اور نصرین نامی لڑکی نے ابتک 30پوائنٹ خون بطور عطیہ دیا ہے۔ عالمی وباء کے دوران عطیہ خون کرنے والے شبیر حسین نامی رضاکار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ عالمی وباء کے ایک سال کے دوران 3رضاکاروں نے 18پوائنٹ خون عطیہ کیا ‘‘۔شبیر حسین نے بتایا کہ اس کے بائوجود بھی مسلسل عطیہ خون کرنے والے رضاکاروں کو فرنٹ لائن ورکروں میں شامل نہیں کیا گیا۔انڈین ریڈ کراس سوسائٹی کے سیکریٹری کفایت حسین رضوی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ عالمی وباء کے دوران عطیہ خون کے کیمپوں کا انعقاد کرکے لوگوں کی جان بچانے کا مشن جاری رہا  اور وباء کے بائوجود بھی ریڈ کراس نے کئی کیمپوں کا انعقاد کیا ‘‘۔سیکریٹری رضوی نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں ریڈ کراس نے 300پوائنٹ خون جمع کرکے مختلف اسپتالوں کو بھیجا جنہوں نے کورونا متاثرین اور دیگر مریضوں کی جان بچانے کیلئے اس خون کا استعمال کیا ۔