عصر حاضر تکنیکی کارخانہ دار ی کا دور

جموں//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے آج کے دور کو ٹیکنو کارخانہ داری کے دور سے تعبیر کرتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے ہنروں اور صلاحیتوں میں نکھار کائیں تا کہ نجی سیکٹر میں اُن کیلئے روز گار کے زیادہ سے زیادہ مواقعے دستیاب ہو سکیں ۔ مشیر موصوف نے ان باتوں کا اظہار یہاں ٹیچرس بھون میں سکل تربیتی سمٹ کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سیکٹر میں روز گار کے وسائل کم ہونے کے تناظر میں نوجوانوں کو کارخانہ داری کی طرف اپنی توجہ مرکوز کرنی چاہئیے تا کہ وہ نہ صرف اپنے لئے بلکہ دیگر لوگوں کیلئے بھی روز گار کی راہیں تلاش کر سکیں ۔ سیکرٹری تکنیکی تعلیم اے کے ساہو ، ڈائریکٹر ٹیکنیکل ایجوکیشن روی شنکر شرما اور کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ خورشید احمد گنائی جن کے پاس تکنیکی تعلیم محکمے کا چارج بھی ہے ، نے کہا کہ حکومت نے مختلف شعبوں میں جے اینڈ کے سکل ڈیولپمنٹ مشن کے تحت نوجوانوں کے ہنروں میں بہتری لانے کیلئے کئی اقدامات شروع کئے ہیں تا کہ یہ نوجوان باعزت طریقے پر اپنا روز گار کما سکیں ۔ مشیر نے اس طرح کا سمٹ منعقد کرنے کی خاطر منتظمین کے رول کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس کی بدولت نوجوانوں کیلئے مختلف سیکٹروں میں روز گار کے زیادہ سے زیادہ مواقعے پیدا ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بازاروں میں تکنیکی طور ہُنر مند نوجوانوں کی کافی مانگ ہے اور نوجوانوں کو اس شعبے کی طرف بھر پور توجہ دینی چاہئیے ۔ اپنے خطبے میں سیکرٹری تکنیکی تعلیم نے سکل ڈیولپمنٹ مشن کے تحت محکمہ کی کاوشوں کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے اُن اقدامات کا بھی ذکر کیا جو محکمے کی طرف سے نوجوانوں کا ہُنر بڑھانے کیلئے اٹھائے جا رہے ہیں ۔ بعد میں خورشید احمد گنائی نے اُن 64 نوجوانوں میں پلیس منٹ لیٹرس تقسیم کئے جنہوں نے سکل ڈیولپمنٹ مشن کے تحت تربیت مکمل کر لی ہے ۔ مشیر نے اُن 12  اُمیدواروں میں ایک ایک لاکھ روپے کا چیک بھی تقسیم کیا جنہوں نے دیہی ترقیات محکمے کیلئے تھیلے تیار کرنے کیلئے سیلف ہیلپ گروپ قایم کئے ہیں ۔ انہوں نے اُن امیدواروں کو بھی مبارکباد دی جنہوں نے نئی دہلی میں انڈیا سکل نیشنل مقابلے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔ تقریب پر خورشید احمد گنائی نے سکل ڈیولپمنٹ مشن کے سالانہ رپورٹ اور سال 2019 کے کلینڈر کو بھی جاری کیا ۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ سکل ڈیولپمنٹ مشن کے ذریعے سے وزیر اعظم کوشل وکاس یوجنا کے تحت ملک میں دس ملین نوجوانوں کو تربیت دینے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے اور ریاست جموں کشمیر میں 2020 تک 47 ہزار نوجوانوں کو تربیت دی جائے گی ۔ ایم ڈی نے اس موقعہ پر جانکاری دی کہ جے کے ایس ڈی ایم 21 سال کی عمر سے کم کے نوجوانوں کو انڈیا سکل جیسے مقابلوں میں شرکت کیلئے تیار کر رہا ہے۔