نیوز ڈیسک
سری نگر// جموں وکشمیر کی تحقیقاتی ایجنسی (ایس آئی اے ) نے اتوار کے روز ملی ٹینٹ فنڈنگ معاملے کے سلسلے میں ملک کے دارلخلافہ دہلی، ہریانہ اور جموں وکشمیر کے اننت ناگ ضلع میں چھاپے ڈالے.
ذرائع نے بتایا کہ جیش سمیت دیگر ملی ٹینٹ تنظیموں کے حامی اوراعانت کاروں کے متعلق اطلاع موصول ہونے کے بعد جموں وکشمیر یوٹی کی تحقیقاتی ایجنسی (ایس آئی اے ) نے دہلی کے کئی مقامات پر چھاپے مارے۔
معلوم ہوا ہے کہ ایجنسی نے ہریانہ اور جموں وکشمیر کے ضلع اننت ناگ میں بھی اتوار کے روز چھاپہ ماری کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی ایجنسی کو قومی دارلحکومت میں ملی ٹینٹ معاونین کی نقل وحرکت کی اطلاع موصول ہوئی جس کے بعد اعلیٰ سطحی ٹیم نے چھاپہ مار کارروائیاں انجام دیں۔
دریں اثنا ’ایس آئی اے‘ کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ اتوار کے روز ایجنسی نے دہلی ، ہریانہ اور جموں وکشمیر میں ٹیرر فنڈنگ کیس کے سلسلے میں چھاپے مارے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن سی آئی کے سر ی نگر میں اس حوالے سے ایک کیس زیر نمبر 15/21زیر دفعات 13,21,40یو اے پی اے ایکٹ اور 120بی آئی پی سی کے تحت ایک کیس درج کیا گیا ہے۔
اُن کے مطابق تفتیش اور تیکنیکی شواہد کے بعد اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ پاکستان میں مقیم لشکر طیبہ کا ایک جنگجو مائسٹر مائنڈ جموں وکشمیر اور ملک کے دیگر حصوں میں ملی ٹینٹ سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے اپنے کیڈرز اور ساتھیوں کو منطقی اور مالی امداد فراہم کر رہا ہے۔
بیان کے مطابق تیکنیکی شواہد اور بینکنگ لین دین سے دہلی میں تین افراد ، فرید آباد ہریانہ میں ایک اور جنوبی ضلع اننت ناگ میں دو افراد کی موجودگی کا پتہ چلا۔
انہوں نے مزید کہاکہ ٹیکنیکی شواہد کے بعد اس بات کی بھی تصدیق ہوئی کہ مذکورہ افراد پاکستان میں مقیم ماسٹر مائنڈ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
ایس آئی اے تحقیقاتی ایجنسی نے بتایاکہ چھاپہ ماری کے دوران قابل اعتراض، ڈیجیٹل مواد کو برآمد کرکے ضبط کیا گیا جبکہ سم کارڈس، موبائیل فونز اور دوسرے اہم کاغذات بھی برآمد کئے گئے ہیں۔
اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہے۔
بتادیں کہ ایس آئی اے کو حال ہی میں جموں وکشمیر انتظامیہ نے تشکیل دیا تھا اور اس کو ملی ٹینٹ اور علیحدگی پسندی سے جڑے معاملات کی تحقیقات کرنے کا کام سونپ دیا گیا ہے۔
ایس آئی اے نے رواں سال فروری کے مہینے میں جنوبی اور وسطی کشمیر میں چھاپوں کے دوران جیش سے وابستہ دس مد د گاروں کو گرفتار کیا تھا۔