عسکری صفوں میں شامل ہونے کا منصوبہ بنارہا لولاب کا شہری گرینیڈ سمیت گرفتار: پولیس

سرینگر/ پولیس نے جمعہ کو کہا کہ اُنہوں نے شمالی کشمیر کے کپوارہ ضلع میں ایک شہری کو گرینیڈ سمیت گرفتار کرلیا جو عسکری صفوں میں شامل ہونے کا منصوبہ بنارہا تھا۔

پولیس کے مطابق گرفتار شدہ شخص سے گرینیڈ کے علاوہ دیگرقابل اعتراض چیزیں بھی بر آمد کی گئی ہیں۔

پولیس نے گرفتار شدہ شخص کی شناخت محمد اسلم بیگ ولد نذیر احمد بیگ ساکنہ میدانپورہ لولاب کے طور کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُس کی گرفتاری ایک چیک پوئینٹ پر عمل میں لائی گئی۔

پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ مذکورہ شہری عسکری صفوں میں شامل ہوکر کپوارہ میں کارروائیوں کا منصوبہ بنارہا تھا۔

پولیس نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق معلوم ہوا ہے کہ گرفتار شدہ شخص سوشل میڈیا کے ذریعے عسکریت کی طرف مائل ہو اتھا۔

اس ضمن میں پولیس سٹیشن کپوارہ میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔