عسکریت پسندوں کی قربانیاں مزاحمتی تحریک میں سنگ میل

 سرینگر//تحریک حریت، لبریشن فرنٹ، پیپلز پولیٹیکل فرنٹ، اسلامک پولٹیکل پارٹی، لبریشن فرنٹ (آر)، پیپلز فریڈم لیگ، ینگ مینز لیگ، مسلم لیگ، پیپلز لیگ، ڈیمو کریٹک پولٹیکل مومنٹ، محاذ آزادی ، پیروان ولایت، محاذ آزادی کے ایک دھڑے ، تحریک استحکامت نے سکی پورہ بجبہاڑہ میں فورسز کے ساتھ معرکہ آرائی میںمارے گئے6مقامی جنگجوئوں کو زبردست خراج عقیدت ادا کیا ہے۔ تحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ ’’ہمارے یہ لخت جگر اور ادھ کھلے پھول وطن عزیز کی آزادی کی خاطر اپنی جانیں قربان کرتے ہیں، ہمارے ان ہیروں کی قربانیاں تحریک آزادی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہیںاوراُن کے اس مشن اور ان کی قربانیوں کو کسی بھی صورت میں نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ہے‘‘۔ صحرائی نے کہا کہ ’اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس مشن کو ادھورا نہیں چھوڑیں گے اور جولوگ بلدیاتی، پنچائتی،ا سمبلی یا پارلیمنٹ انتخابات میں ووٹ دیں گے تو یہ اس مشن اور قربانیوں کے ساتھ غداری ہوگی‘‘۔ لبریشن فرنٹ نے آزاد احمد ملک ،باسط میر،عاطف احمد، فردوس احمد، شاہد ملک اور یونس شفیع بٹ کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کے خون کو ارزان بنادیا گیا ہے اوربھارت اس خون کوبے دریغ بہانے کا سلسلہ دراز کرچکے ہیں۔ فرنٹ کے نائب چیئرمین بشیر احمد بٹ، ضلع صدر اسلام آباد (اننت ناگ) محمد اسحاق گنائی،مشتاق احمد کوچھے اور نذیر احمد خان نے پشوارہ اسلام آباد (اننت ناگ میں باسط میر کے جنازے جبکہ ایک اور وفد نے مسپونہ پلوامہ میں فردوس احمد کے جنازے میں شرکت کی اور لواحقین کی ڈھارس بندھائی۔ پیپلز پولیٹیکل فرنٹ نے بیان میں کہا ہے کہ قربانیوں کی حفاظت کرنا قوم کی ملی ذمہ داری ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ قربانیاں ضرور رنگ لائینگی اور آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔ لبریشن فرنٹ (آر ) کے سرپرست اعلیٰ بیرسٹر عبدالمجید ترمبو اور ایڈوکیٹ ایوب راٹھور نے کہا ہے کہ یہ نوجوان رواں جدوجہد آزادی کے سرخیل ہیں ۔انہوںنے کہاکہ رواں خونریز واقعات پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی کے حکمران ریاستی باشندوں کے بنیادی حقوق کی نفی کرکے اور ایک سیاسی خلا اور بے چینی پیدا کررہے ہیں ۔پیپلز فریڈم لیگ کے ایک وفد نے ارشد عزیز کی قیادت میں واگہامہ بجبہاڑہ میں مارے گئے جنگجوئوں کے جنازے میں شرکت کی اور زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔ ینگ مینز لیگ کے چیئرمین امتیاز احمد ریشی نے کہا کہ جس مقصد کے لئے ہمارے نوجوانوں نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ،اس مقصد کی حفاظت ہر قیمت پر کی جائے گی۔ مسلم لیگ کا ایک اعلیٰ سطحی وفد، جس میں سیکریٹری جنرل محمد رفیق گنائی منظور احمد للہاری اور خان عبدالرشید شامل تھے، آرونی ،بجبہاڑہ ، پوشوار کھنہ بل گیا اورآزاد احمد ملک، انیس شفیع بٹ اور باسط احمد میر کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔پیپلز لیگ کے وائس چیئر مین محمد یاسین عطائی نے غمزدہ گھرانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا کرتے ہوئے عسکریت پسندوں کی جنت نشینی اور اعلیٰ درجات کے لئے دعا کی۔ڈیمو کریٹک پولٹیکل مومنٹ کے چیئرمین فردوس احمد شاہ نے کہا کہ جنگجو جوقربانیا ںقوم کے روشن مستقبل کے لئے دے رہیں ہیں، ان کو منطقی انجام تک پہنچانااجتماعی ذمہ داری ہے۔  محاذآزادی کے صدر سید الطاف اندرابی نے کہا کہ عسکریت پسندوںکی قربانیوں کو کشمیری عوام فراموش نہیں کرسکتیں اور کشمیری جس تسلسل سے قربانیاں پیش کررہے ہیں وہ اپنی مثال آپ ہے۔ محاذآزادی کے ایک دھڑے کے صد ر محمد اقبال میر اور نائب صدر قطب عالم نے کہا کہ جس مقصد کیلئے قربانیاں دی جارہی ہیں، وہ ضرور پورا ہوگا۔ ضلع صدر منظور احمد بٹ کی قیادت میں مظفر احمد ،فیاض احمد اور محمد یوسف نے واگہامہ میں عاطف نذیر اورشاہد احمدکے جنازوں میں شرکت کرکے لواحقین کی ڈھارس بندھائی۔ پیروان ولایت کے جنرل سکریٹری نے کہا کہ بھارت منصوبہ بند سازش کے تحت کشمیر میں نسل کشی کررہا ہے اور  کشمیری نوجوان حق کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں۔ تحریک استحکامت کے چیئرمین غلام نبی وار نے بجبہاڑہ میں مارے گئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہاکہ قربانیاں ضرورت رنگ لائینگی۔