’عسکریت پسندوں کی قربانیاں قوم کی ذمہ داریاں بڑھاتی ہیں‘

 سرینگر// کھنموہ سرینگر میںفورسز کے ساتھ معرکہ آرائی میں مارے گئے2عسکریت پسندوں کو مزاحمتی جماعتوں نے شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اعادہ کیا کہ آزادی کیلئے دی جانے والی قربانیوں کی حفاظت کی جائیگی۔ حریت (گ) چیئرمین سید علی گیلانی  نے کہا کہ یہ نوجوان اپنی قوم کو بھارت کے فوجی قبضہ سے آزاد کرنے کیلئے اپنی عظیم جانوں کی قربانیاں پیش کررہے ہیں اور قوم پر بھاری ذمہ داری ڈالتے ہیں کہ وہ ان قربانیوں کی حفاظت کریں۔ گیلانی نے عوام سے بالعموم اور نوجوانوں سے بالخصوص اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آپسی تفرقہ بازی، انتشار اور افتراق سے تحریک کو محفوظ رکھنا انتہائی ضروری ہے۔ اس دوران گیلانی کی ہدایت پر تحریک حریت کارکنان اشفاق احمد خان ، مختار احمد اور دیگر کارکنان پر مشتمل وفد نے ترال جاکر اویس کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت پرسی کی ۔ ڈ یمو کریٹک فریڈم پارٹی نے کہا ہے کہ راسق نبی بٹ عرف اُویس ساکنہ ترال اور شبیر احمد ڈار ساکنہ اونتی پورہ کی عظیم قربانیوں سے مقدس تحریک آزادی مزید قیمتی بن گئی ہے جس کی حفاظت کرنا یہاں رہنے والے ہر ذی حس شہری کا اخلاقی فرض ہے۔فریڈم پارٹی نے تاہم آئے دنوں جنگجوئوں کے مارے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر چہ سرفروش نوجوانوں نے قربانیوں کی راہ کا انتخاب کیا ہے لیکن ہر متنفس اُن کی آئے دنوں کے مارے جانے پر فکر و تشویش میں مبتلا ہے ۔ایک بیان میں فریڈم پارٹی نے اپنے اس مؤقف کا پھر اعادہ کیا کہ اگر نئی دلی کشمیر کے اندر جاری خون خرابے کو روکنے میں دلچسپی رکھتی ہے تو اُسے فوری طور پر آگے بڑھ کر ایسے اقدامات کرنے چاہیں جن سے دیرینہ کشمیر تنازع حل کرنے کی راہ نکل سکے تاکہ یہاں رہنے والے لوگوں کے سیاسی جذبات کی تکمیل ہو۔ سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے  کہا کہ’’ آخر کب تک ہم اپنے نونہالوں، عزیمت و جذبہ حریت سے سرشار نوجوانوں کی لاشیں اپنے کندھوں پر اٹھائے گے، آخر کب تک ہم اپنے جگر پاروں کی لاشوں پر ماتم کرتے رہے گے‘‘۔ظفر بٹ نے کہا مسئلہ کشمیر کے دائمی و قابل قبول حل کے خاطر پیش کی جانے والی قربانیاں اور ہمارے نونہالوں، نوجوانوں کی استقامت، پختہ عزم و ارادے اس بات کا واضح ثبوت اور گواہی دے رہے ہے کہ کشمیر میں آزادی کا سورج ضرور طلوع ہو گا اور ہمارے مقدس و عظیم شہیدوں کا خون ضروررنگ لائے گا۔ ظفر بٹ کی ہدایت پر اعلٰی سطحی وفد جو ہلال احمد، محمد اسحاق، منظور احمد اور تنویر احمد پر مشتمل تھا ،نے محمد اویس اور شبیر احمد کی نماز جنازوں میں بالترتیب شرکت کی اور بعد میں دونوں کے گھر جاکرلواحقین سے تعزیت پرسی کی۔ پیپلز فریڈم لیگ کے ترجمان نے کہا کہ فورسز کی نوجوانوں کے ساتھ ظلم وجبر اور دہلی سرکار کی مسئلہ کشمیر کے بارے ہٹ دھرمی بنیادی وجوہات ہیں جس کی وجہ سے کشمیر میں نوجوانوں کی ہلاکتیںمسلسل جاری ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنے سے خطے کی ترقی کا راز پوشیدہ ہے۔ترجمان نے کہا بھارتی فورسز کشمیریوں کو جانی اورمالی طورپر بھی کمزور کرنا چاہتی ہے۔ ما س مومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے شہریوں کی جائیداد کو تباہ کرنے اور سپرد آگ کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دانستہ طور پر املاک کو نذر آتش کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام تب تک اپنی جدوجہد سے دستبردار نہیں ہونگے جب تک بھارت اقوام متحدہ کی طرف سے منظور کی گئی قراردادوں کو عملا کر استصواب رائے شماری کا حق ریاستی عوام کو نہیں دیتا۔ انہوں نے اقوام عالم اور بشری حقوق کی عالمی تنظیموں کی طرف سے شہریوں کو نشانہ بنانے پر خاموشی کرنے پر بھی سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا آخر ان کا ضمیر بھی کب بیدار ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیر میں روز بروز ظلم و بر بریت بڑھتا جا رہا ہے اور کشمیری عوام کو اپنا دینی فریضہ بھی ادا کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ حریت کانفرنس کی سنیئرخاتون لیڈر کا کہنا تھا کہ ایسے حربوں سے عوام کے دل میں روز بروز بھارت کے خلاف نفرت میں اضافہ ہو رہا ہے،اور وہ وقت قریب ہیں جب کشمیری عوام کو اپنی قربانیوں کا ثمرہ حاصل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے اس تحریک کو خون سے سینچا ہیں،اور ہر روز قربانیاں بھی پیش کی جا رہی ہے،تاہم عوام اور مزاحمتی لیڈران کسی بھی طور اس جدوجہد سے دستبردار نہیں ہونگے۔ پیروان ولایت ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ بھارت منصوبہ بند طریقوں سے کشمیری قوم کی نسل کشی کررہا ہے اور بدقسمتی سے اقوام عالم خاموش تماشائی بنا بیٹھا ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ ظلم و بربریت قتل و غارتگری اور گرفتاری عمل سے جذبہ آزادی کو دبایا نہیں جاسکتا بلکہ کشمیری قوم قبضہ کے خلاف ہمت و استقلال کے ساتھ مزاحمت کرتا رہے گا۔ ترجمان نے بالہامہ معرکہ میں فورسز کی جانب سے مکانات کو زمین بوس کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے ۔ تحریک مزاحمت کے ترجمان شبیر احمد زرگر نے کہا ہے کہ پوری قوم ان شہدا کے عزم و ہمت کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کی بہادرانہ قربانیوں کی قدردان ہے۔ ترجمان نے کہاکہ ان جانبازوں کو ہمارا بہترین خراج عقیدت یہی ہوگا کہ ہم منزل مقصود کے حصول تک اپنی جدوجہد بلا کسی ابہام کے جاری و ساری رکھے۔
 
ہفتہ رفتہ میں جاں بحق جنگجوئوں کو لشکر کا خراج عقیدت 
سرینگر//لشکر طیبہ چیف محمودشاہ نے سرینگر،بڈگام اور بانڈ ی پورہ میں مارے گئے عسکریت پسندوں کو دل کی اتھا ہ گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ آج وادی کے کونے کونے سے ہندوستانی فورسز کو مزاحمت کا سامنا ہے ۔ایک بیان میں محمود شاہ نے کہاکہ ’آج ہمارے نوجوان بھارتی قبضے کو تسلیم کرنے کے لئے قطعی تیار نہیں ہیں‘‘۔ انہوںنے کہا کہ ایسی بہادر قوم بھارت نے تاریخ میں کبھی نہیں دیکھی ہوگی کہ ایک جاں بحق ہوتاہے تو پورا گائوں ،علاقہ اس کے ساتھ کھڑا ہوجاتاہے ۔لشکر چیف نے عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ان کی پشتی بانی میں قربانیوں کا یہ سفر ہم جاری رکھیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ ’’ہم شرپسند عناصر کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ شہداء کے مقدس جنازوں پر اپنی تحریک مخالف سرگرمیوں سے باز رہیں ورنہ ان کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی‘‘ ۔محمودشاہ نے ’’جہاد کونسل سربراہ سید صلاح الدین کے بیٹوںاوردیگر نظربندوںکوہراساں کرنے ،بیرون ریاست قیدیوں کی منتقلی ،قیدیوں کے ورثاکی عدالتی احکام کے باوجود ملاقات نہ کرانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر میں ہر شہید سید صلاح الدین کا بیٹا ہے اور آج سید صلاح الدین لاکھوں شہداء کا وارث ہے اور ہندوستان اپنی کم تر سوچ اور مکارانہ چالوں سے اس عظیم قائد کو زیر نہیں کرسکتا‘‘ ۔محمود شاہ نے کہا کہ ہندوستان کھلے عام انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہاہے ،نہتے اور معصوم لوگوں کا خون بہا رہاہے ،لوگوں کی املاک کو تباہ کررہاہے ،مگر انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں ان کی یہ خاموشی ایشیا کی تباہی کا پیش خیمہ بن سکتی ہے ۔