عسر پولیس کا عوامی دربار

ڈوڈہ //عسر میں ضلع پولیس کی جانب سے ایک عوامی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں ڈی ایس پی ڈی اے آر ڈوڈہ نذیر احمد گنائی مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے جب کہ ایس ایچ او عسر فاروق خطیب کے علاوہ بھاری تعداد میںمقامی پنچ سرپنچ، سماجی و سیاسی کارکنان اور معزز شہری بھی میٹنگ میں شامل ہوئے۔ عوامی نمائندوں نے اپنے مسائل پولیس افسران کے سامنے رکھے جن میں کنڈیری نالہ سے تعمیر کی گئی کوہل کو ایک ہفتہ کے اندر فعال بنانے کی مانگ کی تا کہ سبزیوں کی آبپاشی ممکن ہو سکے ۔ انہوں نے عسر میں آدھار کارڈ جاری کرنے، مڈ ڈے میل کی فراہمی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔ راشن گھاٹوں پر گندم اور کھانڈ کی پچھلے تین ماہ سے عدم دستیابی، تحصیلدار اور نائب تحصیلدار کے عہدے پُر کئے جانے،سوچھ بھارت کے تحت رقومات کے مناسب استعمال کی بھی مانگ کی۔ پولیس افسران نے یہ معاملات متعلقہ حکام کے نوٹس میں لانے کی یقین دہانی کروائی اور ساتھ ہی لوگوں سے امن و امان نیز بھائی چارے کی فضا قائم رکھنے کی بھی اپیل کی۔