عرفان پٹھان با ضابطہ طور پر جموں وکشمیر ٹیم میں شامل

 سرینگر //مہینوں کی غیر یقینیت کے بعد جمعہ کو بین الاقوامی کرکٹر عرفان پٹھان شیر کشمیر انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں جموں و کشمیر کرکٹ ٹیم میں باضابطہ طور پر شامل ہوئے۔ عرفان پٹھان جو بروڈا کی رانجی سے کھیل رہے تھے، آئندہ سال سے بطور کوچ اور کھلاڑی کے ریاست کی نمائندگی کریں گے۔ اس کے علاوہ عرفان پٹھان جموں و کشمیر میں کرکٹ کے فروغ کیلئے تربیتی کیمپوں کا انعقاد کریں گے۔ عرفان پٹھان نے جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کی انتظامیہ اور جے کے سی آو سعید عاشق حسین بخاری کے ساتھ ایک سال کیلئے معاہدہ طے کیا ہے جبکہ عرفان پٹھان نے آج شیر کشمیر کرکٹ سٹیڈیم میں نوجوان کرکٹروں کے ساتھ بات چیت کی۔ اس موقعے پر عرفان پٹھان نے نوجوان کرکٹروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے کرکٹر بننے کے خواب کو شرمند تعبیر کرنے کیلئے سخت محنت کریں۔ عرفان پٹھان نے کہا”میں یہاں آپ کیلئے آیا ہوں اور جموں و کشمیر کے ہر ضلع میں جاکر کرکٹ کے ہنر کو تلاش کروں گا۔“ انہوں نے کہا کہ بطور استاد اور کھلاڑی کے میں جموں و کشمیر میں کرکٹ کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کو مشورہ دےتے ہوئے کہا ”میری طرف سے آپ سب کو یہ مشورہ ہے کہ آپ ہمیشہ جیت کے اعتماد اور صلاحیت کے ساتھ کھیلیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف سنچریاں اور وکٹ نہیں ہیں جو ٹیم کو جیت حاصل کرنے میں مدد دیتے ہیں بلکہ اس سی معمولی سی مدد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے جموں و کشمیر کے ساتھ ایک سال کا معاہدہ کیا ہے اور میں ریاست میں کرکٹ کی ترقی کیلئے کام کرنے آیا ہوں۔ انہوں نے کہا ”ہم نے پہلے ہی منصوبہ تیار کر رکھا ہے جس پر بہت جلد کام شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ہنر کی کمی نہیں ہے اور اس ہنر کو نکھارنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کو کام بنانے کیلئے سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔