عدالت کے فیصلے پر غور کرکے مودی کسانوں سے معافی مانگیں: کانگریس

نئی دہلی // کانگریس نے کہا ہے کہ کسان تحریک کے خاتمے کے لئے کسانوں سے مذاکرات کی حکومت کی کوششوں کو ناکام قرار دیتے ہوئے سپریم کورٹ نے سخت تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ عدالت کے فیصلے کے پیش نظر وزیر اعظم نریندر مودی کو سامنے  آکراحتجاج کے دوران شہید کسانوں کو خراج تحسین پیش کرکے ان سے معافی مانگنا چاہئے۔کانگریس کے میڈیا انچارچ رندیپ سنگھ سورجے والا نے پیر کو یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ سپریم کورٹ نے کسانوں کے احتجاج پر حکومت سے سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ عدالت کو حکومت کو کہنا پڑا کہ اگر آپ کچھ نہیں کرسکتے تو عدالت قانون کو روک سکتی ہے۔ عدالت نے حکومت کی ناکامی پر مہر ثبت کردی ہے اور کسانوں سے مذاکرات میں ناکامی پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب وزیر اعظم نریندر مودی کو آکر زراعت مخالف تینوں قوانین کے خاتمے کا اعلان کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس ان تینوں قوانین کو منسوخ کرنے کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں ہے۔ حکومت خود ان قوانین میں بہت ساری ترمیم کرنے کیلئے تیار ہے ، لہذا یہ بات واضح ہے کہ قانون میں بہت ساری خامیاں ہیں اور حکومت سرمایہ داروں کی حمایت کر رہی ہے اور ان کے مفاد میں کام کر رہی ہے۔ کسان کو ان قوانین میں دلچسپی نہیں ہے۔ (یو این آئی )