عدالت عالیہ کی ضلع انتظامیہ سرینگر کو ہدایت

  سرینگر// عدالت عالیہ نے ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر کو ہدایت کی ہے کہ کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات 15 روز میں منعقد کرانے کی اجازت دیں۔ یہ فیصلہ چیمبر کے صدر شیخ عاشق احمد کی طرف سے دائر درخواست پر کیا گیا ہے۔ اپنی درخواست میں شیخ عاشق نے ڈپٹی کمشنر سرینگر سے گزارش کی تھی کہ وہ جلد سے جلد کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات کرانے کی اجازت دیں۔جسٹس تاشی ربستان نے پیرکو جاری ایک حکم میں کہا’’اس درخواست کو اس ہدایت کے ساتھ نپٹایا جاتا ہے کہ ڈپٹی کمشنر سرینگر کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ایگزیکٹو کمیٹی کے انتخابات اس آرڈر کی کاپی موصول ہونے کی تاریخ سے 15 دن کی مدت کے اندر اندر کرائے‘‘۔کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات کے انعقاد کے لئے عدالت نے پہلے ہی چھ افراد کی ایک انتخابی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ چیمبرکے انتخابات کی تاریخ پہلے 26 اپریل 2021 مقرر کی گئی تھی تاہم انتخابات کو ایک دن پہلے ہی اس وقت موخر کیا گیا تھا جب ضلع انتظامیہ نے سرینگر نے سونہ وار کو ریڈ زون قرار دیا تھا ۔عدالتی احکامات جاری ہونے کے بعد شیخ عاشق نے تمام میدواروں اور چیمبر ممبروں سے اپیل کی  ہے کہ وہ آئندہ دو ہفتوں میں کسی بھی وقت آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کی تیاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ تازہ ترین عدالتی ہدایات کے ساتھ ہی ایگزیکٹو کمیٹی کے انتخابات آئندہ دو ہفتوں میں کسی بھی وقت ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ انتخابات آزاد اور منصفانہ ماحول میں اور چیمبر آئین کے رہنما خطوط کے تحت ہوں گے۔ انہوں نے تمام امیدواروں سے انتخابی عمل کے اصول و ضوابط پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔