عدالتی پیشی کے بعد مسرت عالم دوبارہ جموں منتقل

سرینگر//مسلم لیگ کے محبوس سربراہ مسرت عالم بٹ کو کورٹ بلوال جیل جموں سے سرینگر لایا گیا جہاں انھیں کوٹھی باغ پولیس اسٹیشن کی طرف سے عائد کئے گئے ایف آئی آرنمبر50/2010 کے سلسلے میں سی جے ایمسرینگر کی عدالت کے سامنے پیش کیا گیا۔دلائل سننے کے بعد جج موصوف نے اس کیس کی اگلی سماعت  30-01-19کومقرر کی جس کے ساتھ ہی مسرت عالم بٹ کو بھاری پولیس جمیعت کے حصار میں واپس کورٹ بلوال جیل منتقل کیا گیا۔لیگ ترجمان نے کہا کہ ایک منصوبہ بند سازش کے تحت مسرت عالم بٹ کی سیاسی زمین تنگ کی جارہی ہے اور انھیں سیاسی صفحے سے ہٹانے کے لئے دلی سے لے کر سرینگر تک کے تمام کل پُرزے استعمال کئے جاتے ہیں اور راتوں رات مسرت عالم بٹ کے متعلق ایسے بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی کیس تیار کئے جاتے ہیں جن کا حقیقت سے دور دور کا واسطہ نہیں ہوتا ہے بلکہ بدترین سیاسی عداوت کی راہ پر چلتے ہوئے اور قانون و آئین کو پس پشت ڈال کر پولیس و انتظامیہ ان کے خلاف ایسے کیس معرض وجود میں لاتی ہے جو صر ف اور صرف جھوٹ کا پلندہ اور حقیقت و سچائی کو توڑ مروڑ کرخیالی و فرضی کھچڑی ہوتی ہے ۔