عثمان آ بادی ڈولی پورہ ترہگام بجلی سے محروم

کپوارہ//شمالی قصبہ ترہگا م کا عثمان آ باد ڈولی پورہ نامی گائوں آج تک بجلی سپلائی سے محروم ہے جبکہ دوسال قبل سرکار نے اس بستی کے لئے ایک سکیم کے تحت بجلی سپلائی کو منظوری دی تھی اور ایک ٹرانسفارمر بھی منظور کیا لیکن وہ ٹرانسفارمر دو سال سے ایک مقامی شہری کے صحن میں دھول چاٹ رہا ہے اور اُس پر زنگ لگ چکا ہے ۔مقامی لوگو ں نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ دو سال قبل عثمان آ باد ڈولی پورہ میں محکمہ بجلی نے ایک سکیم کے تحت بجلی ٹرانسفارمر اور کھمبے واگزار کئے اور ان کو ایک مقامی شہری کے صحن میں رکھا گیا تاہم دو سال گزر نے کے با وجود بھی بجلی ٹرانسفارمر کو نصب نہیںکیا گیا اور نہ ہی تر سیلی لائن کو بچھایا گیا جس کی وجہ سے لوگو ں کو زبردست مشکلات درپیش ہیں ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ دو سال قبل جب اس بستی کے لئے بجلی ٹرانسفار مر اور کھمبے لائے گئے تو لوگوں نے جشن منایا تھا لیکن دو سال سے لوگ صرف اپنے آپ کو اب تسلی دیتے آرہے ہیںکہ آج نہیں تو کل بجلی سپلائی کو بحال کیا جائے گا ۔ انہو ں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور بجلی ٹرانسفارمر نصب کر کے بجلی سپلائی بحال کریں ۔