عبدالحق نے اننت ناگ میں بورڈ میٹنگ کے فیصلہ جات کاجائیزہ لیا

 اننت ناگ //وزیر برائے دیہی ترقی ، قانون و پنچائتی راج نظام عبدالحق خان نے ڈاک بنگلہ اننت ناگ میں 2017-18 میں منعقدہ ضلع ترقیاتی بورڈ میٹنگ میں لئے گئے فیصلہ جات پر عمل درآمد کا جائیزہ لیا ۔ دورانِ میٹنگ وزیر کو مطلع کیا گیا کہ پشوارہ صوفی گنڈ پُل کی تعمیر اکتوبر 2017 کو مکمل کی جائے گی جبکہ رکھچی پُل نومبر 2017 کے اخیر تک مکمل کیا جائے گا ۔ میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ نالہ برنگی پر باغ نوگام پُل کی تعمیر جو منریگا کے تحت شدو مد سے جاری ہے اکتوبر 2017 کے آخیر تک مکمل کیا جائے گا ۔ اسی طرح اشاجی پورہ سے مہندی کدل تک بائی پاس سڑک پر میکڈم بچھایا گیا ہے ۔ سڑک وزیر اعلیٰ نے 22 جولائی 2017 کو عوام کے نام وقف کی تھی جس سے قصبہ اننت ناگ میں ٹریفک کے نقل و حمل میں کافی بہتری آئی ہے ۔ وزیر کو مزید بتایا گیا کہ کہری بل رنبیر پورہ واٹر سپلائی سکیم اگست 2018 تک مکمل کی جائے گی جبکہ کشمیر یونیورسٹی کے جموں کیمپس کیلئے واٹر سپلائی سکیم کی تعمیر پر کام جاری ہے ۔ انہیں بتایا گیا کہ شاپنگ کمپلیکس پر 2005 میں شروع کیا گیا تعمیراتی کام جاری ہے جو کہ اربن ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نظر ثانی شدہ 30 کروڑ روپے کی لاگت سے پرانے ایس آر ٹی سی یارڈ میں تعمیر کر رہا ہے ۔ ڈائریکٹر اربن ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کشمیر نے 5 کروڑ روپے کے واجبات کی واگذاری کیلئے وزیر کی مداخلت طلب کی ۔ وزیر نے کہا کہ 17 اگست کے بعد وہ اننت ناگ حلقہ انتخاب میں تمام جاری کاموں کا از خود جائیزہ لیں گے تا کہ میٹنگ میں دی گئی ہدایات پر زمینی سطح پر عمل آوری کا جائیزہ لیا جا سکے ۔