عبدالحق مرکزی وزیر گری راج سنگھ سے ملاقی

نئی دہلی//دیہی ترقی اور پنچایتی راج کے وزیر عبدالحق خان نے کل یہاں ایم ایس ایم ای کے مرکزی وزیر مملکت گری راج سنگھ کے ساتھ ملاقات کی اور ریاست کے نوجوانوں کو اُن کی وزارت کی طرف سے مختلف ہنروں کی تربیت دینے کے حوالے سے تعاون پر تبادلہ خیال کیا ۔ وزیر کے ہمراہ مشن ڈائریکٹر بخشی جاوید حمایوں اور ایڈیشنل مشن ڈائریکٹر کپل شرما بھی تھے ۔ عبدالحق خان نے مرکزی وزیر مملکت کو ریاستی حکومت کی طرف سے نوجوانوں کو مختلف ہنروں کی تربیت دینے کیلئے کئے جا رہے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی ۔ وزیر نے مزید کہا کہ جے کے ایس آر ایل ایم کو تین برسوں کے دوران حمایت سکیم کے تحت 1.24 لاکھ نوجوانوں کو تربیت دینے اور اُن کی پلیس منٹ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے 1601.51 کروڑ روپے مختص رکھے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ریاست اور بیرونِ ریاست میں 1100 نوجوانوں کو مختلف ہنروں کی تربیت دی جا رہی ہے ۔ عبدالحق نے ایم ایس ایم ای وزارت کا تعاون طلب کیا تا کہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو ہنروں کی تربیت دی جا سکے ۔