مزدور طبقہ کے کام التواء کا شکار ،ملازمین کی تعیناتی کا مطالبہ
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویڑن کے قلعہ درہال بلاک میں سٹاف کی کمی کی وجہ سے پنچایتوں کے ہزاروں لوگوں کو اپنے سرکاری کام کے لئے کئی طرح کی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔مقامی لوگوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ 10برسوں سے دفتر میں مختلف زمروں کے 8ملازمین کی اسامیاں خالی پڑی ہوئی ہیں لیکن ان کو آج تک پُر ہی نہیں کیاجارہا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کے ضروری کام برسوں سے التوا کا شکار پڑے ہوئے ہیں ۔نوشہرہ سب ڈویژن کا قلعہ درہال بلاک جس میں لام، بکھرنی ،راج پور کمیلہ راجپور باٹا لڑوکا بگلا رانی بٹیتر وغیرہ کی نو پنچائت ہیں مذکورہ سی ڈی بلاک میں سرکاری سٹاف کی کمی کا لوگوں کو سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی لوگو ں نے انتظامیہ کو تنقیدکا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ بلاک ڈیو لپمنٹ آفیسر قلعہ درہال کے دفتر میں اس وقت انسپکٹر پنچایت کی ایک اسامی اکاؤنٹ اسسٹنٹ کی ایک گرام سیوک کی دو آسامیاں ،جونیئر انجینئر کی دو اور کلرک کی دو آسامیاں خالی ہیں جن کو 10 سال کے بعد بھی ابھی تک پورا نہیں کیا گیا ہے۔ سال 2014 میں قلعہ درہال کو سرکار نے سی ڈی بلاک کا درجہ دیا تھا تب سے لے کر ابھی تک اس میں سٹاف کی کمی ہی چلتی آ رہی ہے جس کے باعث ہزار لوگوں کو محکمہ دہی ترقی کے دفتر میں اپنے سرکاری کام کروانے کے لئے کی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ عوام نے محکمہ دہی ترقیاتی کے ڈائریکٹر سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قلعہ درہال بلاک میں سٹاف کی کمی کو پورا کیا جائے تاکہ ان کے سرکاری کام صحیح طریقے سے اور وقت پر ہو سکیں ۔