جموں // جموں و کشمیر عام آدمی پارٹی کے کارکنوں کی ایک میٹنگ گزشتہ روز پارٹی کے صدر دفتر چھنی ہمت میں فاروق احمد بانڈے کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں ریاست جموں وکشمیر سے متعلق متعدد امور خصوصی طور پر ریاست میں آئندہ منعقد ہونے جارہے پنچائیتوں اور بلدیاتی اداروں کے انتخابات سے متعلق معاملے زیر بحث لائے گئے۔عام آدمی پارٹی کے بانی اور نیشنل کونسل کے ممبر ایس دیپ سنگھ نے اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ریاست میں پارٹی کو بنیادی سطح پر مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ریاست میں بنیادی سطح کے جمہوری اداروں کو کمزور کرنے کے لئے انہوں نے موجودہ مخلوط ریاستی حکومت کی نکتہ چینی کی۔اس کے علاوہ دیگر مقررین نے کہا کہ ریاست میں بے روز گاری کی وجہ سے نوجوان پریشان ہیں مگر ریاستی سرکار اس سمت میں کچھ بھی نہیں کررہی ہے۔انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ جموں وکشمیر سے کورپشن کو ختم کرنے کے لئے عام آدمی پارٹی کے ہاتھ مضبوط بنائیں۔اس دوران فیصلہ لیا گیا کہ 14جنوری 2018کو پارٹی صدر مقام پر ڈیلی گیٹوں کی ایک میٹنگ منعقد کی جائے گی۔