جموں//وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی نے پدگام پورہ پلوامہ میں 15سالہ عامر نذیر کے ہلاک ہونے پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا۔ لواحقین کے ساتھ ہمدردی ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ نوجوان ریاست میں تشدد کے بھنورمیں پھنس رہے ہیں۔ادھر ریاستی پولیس سربراہ ڈاکٹر ایس پی وید نے کہا کہ عامر نذیر جھڑپ کے نزدیک آوارہ گولی کا شکار بنا۔ انہوںنے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ عامر نذیر اس گروپ کا ایک حصہ تھا جو جائے جھڑپ کے نزدیک جانے کی کوشش کر رہا تھا۔ انہوں نے ایک بار پھر مقامی لوگوں بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی زندگیوں کو خطرے میں نہ ڈالیں کیونکہ اس طرح کے واقعات کے دوران ہمیشہ آوارہ گولیاں لگنے کا خدشہ لاحق رہتا ہے۔