جموں //ڈویژنل کمشنر جموں ڈاکٹر راگھو لنگر نے شاستری نگر جموں میں ہندوستانی ریڈ کراس سوسائٹی کے اشتراک سے سنت نرنکاری چیریٹیبل فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام بلڈ ڈونیشن کیمپ کا افتتاح کیا ،جو عالمی بلڈ ڈونرز ڈے 2021 کے تحت منایا گیا۔اس موقع پر ڈویژنل کمشنر نے ڈاکٹروں ، پیرا میڈیکل اسٹاف اور رضاکاروں / ڈونرز سے بات چیت کی اور ان کی کاوشوں اور شراکت کو سراہا۔ ڈیو کام نے تنظیم کے زیر اہتمام فلاحی سرگرمیوں پر سنت نرینکاری چیریٹیبل فاؤنڈیشن کی بھی تعریف کی۔انہوں نے لوگوں کو تکالیف میں انسانی خدمات پیش کرنے میں اہم کردار ادا کرنے پر ریڈ کراس سوسائٹی کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے محکمہ صحت کی کاوشوں کی تکمیل کے لئے جموں ڈویژن کے ہر ضلع میں اس طرح کی سرگرمیاں جاری رکھنے کی وکالت کی۔کیمپ کے دوران پچاس سے زیادہ عطیہ دہندگان نے خون کا عطیہ کیا جو گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں دستیاب رکھا جائے گا۔اس کیمپ کا اہتمام کوویڈ سے متعلقہ تمام ایس او پیز کی پیروی کرتے ہوئے کیا گیا تھا۔