سری نگر// جموں و کشمیر میں’ عالمی یوم آب‘ پرتازہ پانی کی اہمیت کو اُجاگر کرنے اور تازہ زمینی وسائل کے پائیدار انتظام کی وکالت کی گئی۔اس برس کے عالمی یوم آب ’’ زمینی پانی،پوشید پانی کو منظر عام پر لانے کا خیال ‘‘کے موضوع پر منایا گیا۔محکمہ نے گندے پانی کو دوبارہ استعمال کرنے اور اسے دھونے، صفائی، باغبانی اور دیگر مقاصد کے لئے دوبارہ استعمال کرنے کی بڑھتی ہوئی ضرورت کے بارے میں آگاہ کیا۔جموں و کشمیر میں منعقدہ دن بھر کے پروگرام کے دوران، جل شکتی کے متعلقین نے عوامی نمائندوں سے پانی کے تحفظ کو عوامی تحریک بنانے پر زور دیا۔ جل جیون مشن کے تصور کے مطابق، جل شکتی محکمہ نے پورے جموں و کشمیر میں نلکے کے پانی کے نیٹ ورک کو بچھانے میں سکیم کے فوائد اور پانی کو محتاط اِستعمال کرنے کی ضرورت کو اُجاگر کرنے کے لئے دن بھر کی وسیع معلومات، تعلیم اور مواصلات(آئی ای سی)مہم کا آغاز کیا۔ کپواڑہ کے علاقے میں، جل شکتی کے ملازمین نے مقامی تاجروں اور غیر سرکاری آرگنائزیشنوںکے ساتھ مل کر پانی کے درست استعمال کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لئے ایک روڈ شو کا انعقاد کیا اور اس کے تحفظ کے لئے ہر ممکن کوشش کرنے کا عہد کیا۔اسی طرح بارہمولہ، راجوری، جموں، پلوامہ، اننت ناگ، سانبہ اور کٹھوعہ ضلع میں، محکمہ جل شکتی نے سکولوں کے ساتھ مل کر عالمی یوم پانی کے موضوع پر مباحثے، سمینار اور سمپوزیم کا اہتمام کیا۔جل شکتی محکمہ نے بھی پانی سمیتوں کو اپنے اپنے گائوں میں فیلڈ ٹیسٹنگ کٹس کے ساتھ پانی کی جانچ کرنے کی ترغیب دی۔دریں اثنا، عالمی یوم آب پر، وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا’’آج ہم پانی کی ہر بوند کو بچانے کے اپنے عہد کی تصدیق کریں۔ ہمارا ملک پانی کے تحفظ اور اپنے شہریوں کی خاطر پینے کے صاف پانی تک رسائی کو یقینی بنانے کے لئے جل جیون مشن جیسے متعدد اقدامات اٹھا رہا ہے۔‘‘ جموں کشمیر جل جیون مشن کے مشن ڈائریکٹر سید عابد رشید شاہ نے ایک ٹویٹ میںکہا’’ عالمی یوم آب2022 ء کے موقعہ پر آئیے ہم سب اپنے آبی وسائل کو بچانے اور اپنی آنے والی نسلوں کے لئے پانی کو درست طریقے سے استعمال کرنے کا عہد کریں۔ ہم سب کو پانی کے انتظام (مینجمنٹ)پر توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ پانی کے وسائل کو محفوظ اور مناسب طریقے سے منظم کیا جائے۔