عالمی تجارت کی بنیاد بنے گا بھارت مغربی ایشیا یورپ اقتصادی راہداری

  تاریخ یاد رکھے گی کہ اس کا تصور ہندوستان میں کیا گیا تھا: مودی

یو این آئی

نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز زور دے کر کہا کہ ہندوستان-مشرق وسطی یورپ کوریڈور آنے والی صدیوں کے لئے عالمی تجارت کی بنیاد بنے گا اور تاریخ یاد رکھے گی کہ اس کا تصور ہندوستان میں کیا گیا تھا۔اپنی ماہانہ من کی بات نشریات میں، مودی نے “سلک روٹ” کو یاد کیا، جو ایک قدیم تجارتی راہداری ہے ،جسے ہندوستان اس وقت استعمال کرتا تھا جب وہ ایک خوشحال اور عظیم تجارتی طاقت تھا، اور کہا کہ ملک نے حالیہ دنوں میں جی 20 سربراہی اجلاس کے دوران ہندوستان-مشرق وسطی-یورپ اقتصادی راہداری کی تجویز دی تھی۔اتوار کو ماہانہ پروگرام’ من کی بات‘ کے 105ویں نشریئے میں قوم سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ کچھ لوگ سیاحت کو صرف سیر و تفریح کے طور پر دیکھتے ہیں، لیکن سیاحت کا ایک بہت بڑا پہلو روزگار سے جڑا ہوا ہے۔ سب سے کم از کم سرمایہ کاری سے سب سے زیادہ روزگار اگر کوئی شعبہ پیدا کرتا ہے تو وہ سیاحت کا شعبہ ہے۔ سیاحت کے شعبے کو بڑھانے میں کسی بھی ملک کے لیے خیر سگالی کا جذبہ اہم ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ گزشتہ کچھ برسوں میں ہندوستان کے تئیں کشش میں بہت اضافہ ہوا ہے اور جی 20 کے کامیاب انعقاد کے بعد ہندوستان میں دنیا کے لوگوں کی دلچسپی مزید بڑھی ہے۔ جی 20 کے لیے ایک لاکھ سے زیادہ مندوبین ہندوستان آئے۔ وہ یہاں کے تنوع، مختلف روایات، مختلف قسم کے کھانوں اور ورثے سے آشنا ہوئے۔وزیراعظم نے کہا کہ دورہ کرنے والے مندوبین اپنے ساتھ جو شاندار تجربات لائے اس سے سیاحت میں مزید وسعت آئے گی۔ ہندوستان میں ایک سے زیادہ عالمی ثقافتی ورثہ بھی ہیں اور ان کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ہندوستان میں عالمی ثقافتی ورثہ کی کل تعداد اب 42 تک پہنچ گئی ہے۔ ہندوستان کی کوشش یہ ہے کہ ہمارے زیادہ سے زیادہ تاریخی اور ثقافتی مقامات کو عالمی ثقافتی ورثہ کے طور پر تسلیم کیا جائے۔انہوں نے کہا ’’جب بھی آپ کہیں سفر کرنے کا ارادہ کریں، ہندوستان کے تنوع کو دیکھنے کی کوشش کریں، آپ الگ الگ ریاستوں کی ثقافت کو سمجھیں، ثقافتی مقامات کو دیکھیں، اس سے آپ کو اپنے ملک کی شاندار تاریخ کے بارے میں مزید جاننے میں مدد توملے گی ہی اس کے ساتھ آپ مقامی لوگوں کی آمدنی بڑھانے کا ایک اہم ذریعہ بھی بن جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کی تجویز اسی کانفرنس میں دی گئی ہے اور تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی کہ یہ راہداری ہندوستان کی سرزمین پر شروع کی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ جی۔20 کے دوران جس طرح سے ہندوستان کے نوجوان اس تقریب میں شامل ہوئے، آج خصوصی بحث ضروری ہے۔ سال بھر میں ملک کی کئی یونیورسٹیوں میں جی۔20 سے متعلق پروگرام منعقد ہوئے۔ اب اسی سلسلے میں ایک اور پروگرام جی۔20 یونیورسٹی کنیکٹ پروگرام دہلی میں منعقد ہونے جا رہا ہے۔ اس کے ذریعے ملک بھر کی یونیورسٹیوں کے لاکھوں طلبہ ایک دوسرے سے جڑیں گے۔ آئی آئی ٹی، آئی آئی ایم، این آئی ٹی اور میڈیکل کالج جیسے کئی نامور ادارے بھی اس میں حصہ لیں گے۔وزیر اعظم نے کالج کے طلباء سے 26 ستمبر کو یہ پروگرام دیکھنے کی اپیل کی اور کہا کہ اس میں ہندوستان کے مستقبل اور نوجوانوں کے مستقبل پر بہت سی دلچسپ چیزیں ہونے والی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں خود اس پروگرام میں شرکت کروں گا۔