واشنگٹن //امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے عالمی برادری پر زوردیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے تصفیے میں مدد کی جائے اور ہندوستان کو دنیا کی توجہ کشمیر میں بے گناہ شہریوں پر ظلم وستم سے ہٹانے نہ دی جائے۔بالٹی مور میں قائم تھنک ٹینک ورلڈ افیئرز کونسل سے خطاب کرتے ہوئے جلیل عباس جیلانی نے سارک کانفرنس میں شرکت سے انکار سمیت دوطرفہ اور بین الاقوامی مذاکرات کی تمام سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچانے کے بھارتی عزائم پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔ جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ 'جنوبی ایشیا میں امن و استحکام اس وقت تک قائم نہیں ہوسکتا جب تک بڑے مسائل مثلاً جموں و کشمیر، جوہری اور میزائل ہتھیاروں کی تیاری میں تحمل اور روایتی ہتھیاروں کے حوالے سے توازن پیدا نہیں کیا جائے گا'۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جوہری عدم پھیلاؤ کے حوالے سے کردار ادا کر رہا ہے اور نیوکلیئر سیکیورٹی اور سیفٹی کے حوالے سے بھی اس کا کردار اہم ہے۔مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ عالمی برادری خصوصاً امریکا کو پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کشمیر کے تنازع کو حل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ 'کشمیر میں جاری حالیہ حریت کی جنگ کشمیریوں کی امنگوں کی عکاس ہے جس کا عالمی برادری نے ان سے وعدہ کیا تھا'.جلیل عباس جیلانی نے زور دیا کہ ہندوستان کو دنیا کی توجہ کشمیر میں بے گناہ لوگوں پر ظلم وستم سے نہ ہٹانے دی جائے۔