عالمگیر وباء کے دوران ایمبو لینس ڈرائیوروں کا رول اہم

راجوری //عالمگیر وباء کے دوران جہاں محکمہ صحت کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف ممبران کی جانب سے مشکل وقت میں بھی معیاری خدیات انجام دی جارہی ہیں وہائیں ایمبولینس گاڑیوں کے ڈرائیور بھی اپنی جانیں جوکھم میں ڈال کر مریضوں کو گھروں سے کووڈ سنٹروں تک منتقل کرنے میں اہم رول ادا کررہے ہیں ۔پہاڑی ضلع راجوری میں اس مشکل وقت میں ایمبولینس ڈرائیوروں کی جانب سے انجام دی جارہی خدمات کافی اہمیت کی حامل ہیں ۔ضلع میں ایمبو لینس گاڑیوں کی قلت کے دوران ڈرائیوروں کی جانب سے دن رات مریضوں کو منتقل کرنے کیلئے کام کیا جارہا ہے ۔بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کی جانب سے اس مشکل وقت میں محکمہ صحت کی مدد کے سلسلہ میں فراہم کردہ ایمبولینس کے ڈرائیور محمد سعید نے بتایا کہ وہ چیف میڈیکل آفیسر کے دفتر میں کام اپنی خدمات انجام دے رہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کووڈ کی دوسری لہر کے دوران محکمہ صحت کے ساتھ ساتھ انتظامیہ بھی پوری طرح سے متحرک ہو کر اپنی خدمت انجام دے رہی ہے تاہم اس مشکل وقت میں مریضوں کی زندگیاں بچانا اور مرنے والوں کو پُر وقار تدفین فراہم کرنا کسی بھی خیرا ت سے بہتر ہے ۔انہوں نے بتایا ک ضلع انتظامیہ راجوری کی جانب سے مریضوں کی خدمت کیلئے چوبیس گھنٹوں سروس فراہم کی جارہی ہے جبکہ ایمبولینس سروس کے سلسلہ میں کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں جہاں پر ڈرائیوروں کے رابطہ نمبر بھی فراہم کئے گئے ہیں ۔سعید نے بتایا کہ ابھی تک اس نے 31لاشوں کیساتھ ساتھ 129مریضوں کو ہسپتال منتقل کیا ہے ۔موصوف نے بتایا کہ اس مشکل وقت میں وہ صرف زندگیاں بچانے کے سلسلہ میں اپنی خدمات انجام دے رہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کئی مرتبہ کووڈ مثبت مریض کے پاس اہل خانہ میں سے بھی کوئی نہیں جاتا تاہم اس کے باوجود ایمبولینس ڈرائیور ہی اس کو منتقل کرنے کیلئے آگے آتے ہیں ۔ایمبولینس ڈرائیور نے بتایا کہ کووڈ جیسے دشمن سے لڑائی صرف احتیاط اور برادشت کے ذریعے ہی جیتی جاسکتی ہے ۔