عازمین کا آخری قافلہ سعودی عرب روانہ پہلی واپسی کی پرواز 22 جون کو طے

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر //جموں و کشمیر کے 273 عازمین حج کا آخری قافلہ پیر کے روز سرینگر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوا، جس کیساتھ 2024 کے حج کی روانگی کا اختتام ہوا۔ سعودی عرب سے پہلی واپسی کی پرواز 22 جون کو طے ہے۔جموں و کشمیر حج کمیٹی نے بتایا کہ 273 عازمین حج کے لیے روانہ ہوئے اور اس سال جموں و کشمیر سے 7000 سے زائد عازمین مقدس زیارت کیلئے روانہ ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا “پیر کو حج شیڈول کی آخری پرواز تھی، اور 273 عازمین نے مقدس شہر کا سفر کیا۔ 7000 سے زیادہ حاجیوںکی اب تک مقدس سفر کیلئے روانگی ہوچکی ہے، ان میں39 نے ممبئی ہوائی اڈے سے اپنا سفر شروع کیا جبکہ 37 محرم کے بغیر ہیں”۔حکام نے مزید کہا کہ حج کا بنیادی مرحلہ 8 سے 13 ذوالحج تک شروع ہوگا اور سعودی عرب سے سری نگر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہلی پرواز 22 جون کو واپس آنے والی ہے۔انہوں نے کہا”جموں و کشمیر کے حاجی 22 جون سے واپس آنا شروع ہو جائیں گے، پہلے دن دو پروازیں طے ہیں۔ ہر پرواز 322 عازمین کو لے کرآئے گی، “۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ مقدس سفر کے آغاز کے موقع پر پہلی پرواز 9 مئی 2024 کو سری نگر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سری نگر کے حج ہاس سے روانہ ہوئی۔