حیدرآباد// تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام منتخب عازمین حج کے لئے پانچواں تربیتی اجتماع آج میجسٹک گارڈن فنکشن ہال بالا نگرمیں منعقد ہوا۔صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی محمد مسیح اللہ خان نے صدارت کی۔ اس اجتماع میں عازمین حج کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ محمد مسیح اللہ خان نے اپنے خطاب میں عازمین حج سے خواہش کی کہ وہ اپنی صحت کا خیال رکھیں اور زیادہ سے زیادہ پیدل چلنے کی عادت ڈالیں‘ کیونکہ دوران حج بہت پیدل چلنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کی ویٹنگ لسٹ کا اعلان کیا گیا ہے اور ویٹنگ لسٹ کے عازمین بھی تربیتی اجتماعات میں شرکت کریں۔انہو ں نے عازمین سے کہا کہ ان کو جو بھی مسائل ہوں وہ راست حج کمیٹی سے رجوع کریں۔ حج کے دوران خادم الحجاج بھی ان کی مدد اور رہنمائی کے لئے موجود رہیں گے۔ ایکزیکٹیو افسرتلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے سفر حج سے متعلق اہم امور بیان کئے۔ انہوں نے لگیج کے متعلق تفصیلات بھی بیان کیں اور کہا کہ عازمین کو واپسی میں زم زم بھی دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ رباط میں قیام کی سہولت کے لئے 10 اپریل کو قرعہ اندازی مقرر کی گئی ہے اور عزیزیہ زمرہ کے وہ تمام عازمین حج جن کا تعلق سابق ریاست حیدرآباد سے ہے اس قرعہ اندازی میں شامل رہیں گے جن میں تلنگانہ کے 31اضلاع کے علاوہ کرناٹک کے چار اضلاع‘ مرہٹواڑہ کے نو اضلاع کے عازمین شامل ہیں۔مکہ مکرمہ کے با قطمہ علاقہ میں تین عمارتیں حاصل کی گئی ہیں جن میں 1286عازمین کے قیام کی سہولتیں رہیں گی تاہم دس فیصد حصہ شاہی خاندان کے لئے محفوظ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ خادم الحجاج کا انتخاب عمل میں آچکا ہے اور ہر 200حجاج کرام کے ساتھ ایک خادم الحجاج موجود رہیں گے جو ہنگامی حالات میں حجاج کرام کی مدد اور رہنمائی کریں گے‘ ان سے عام خدمت لینے کا خیال مت رکھئے۔ مولانا مفتی صادق محی الدین فہیم نے فضائیل و مناسک حج و عمرہ بیان کئے اور کہا کہ حج کے فرائض اور واجبات کی ادائیگی کا خاص خیال رکھیں۔ مولانا مفتی محمد عارف الدین نے آداب زیارت مدینہ منورہ سے متعلق اہم امورپر روشنی ڈالی اور کہا کہ مدینہ منورہ میں ادب و احترام کا خاص خیال رکھنا چاہئے اور یہاں اپنی آواز بند نہیں کرنی چاہئے۔ احرام باندھنے کا طریقہ سمجھایا گیا۔ مسٹر عرفان شریف نے سفر سے متعلق ام امور پر تفصیلی روشنی ڈالی اور سوالات کے جوابات دیئے۔ اس موقعہ پر منتخب خادم الحجاج کا تعارف بھی کروایا گیا۔اجتماع کا آغاز حافظ قاری محمد نصیر الدین المنشاوی کی قر?ت کلام پاک سے ہوا۔ اس موقعہ پر مسٹر نریندر اچاریہ کارپوریٹر‘ محترمہ صبیحہ غوث الدین کارپوریٹر اور میر محتشم علی خان بھی موجود تھے۔ مسٹرمحمد شکیل صدیقی صدر تلنگانہ مسلم مائناریٹی ویلفیر ایسوسی ایشن اور ان کے رفقا نے انتظامات کی نگرانی کی۔ خواتین کی کثیر تعداد نے بھی اجتماع میں شرکت کی جن کے لئے علیحدہ انتظام کیا گیا تھا۔یواین آئی