عازمین حج کیلئے مسجد الخِیف کھولنے کااعلان

ریاض// سعودی عرب نے اس سال منی میں عازمین حج کیلئے مسجد الخِیف کھولنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ غیر ملکی رپورٹس کے مطابق کورونا وبا اور محدود حج کے باعث مسجد الخِیف دو سال سے نہیں کھولی گئی تھی۔وزارت اسلامی امورکمیٹی کے مطابق رواں سال 8، 10، 11، 12 اور13 ذی الحج کو حجاج مسجد الخِیف میں نماز ادا کر سکیں گے۔ادھرسعودی عرب میں جعلی حج ویب سائٹس چلانے والے متعدد افراد گرفتار کرلیے گئے۔ سعودی پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ دارالحکومت ریاض میں گرفتار افراد میں 2 پاکستانیوں سمیت یمنی شہری شامل ہیں۔یہ بھی بتایا گیا کہ گرفتار افراد جعلی حج ویب سائٹس سے کئی افراد کے ساتھ دھوکا دہی کرنے کے مرتکب ہوئے ہیں۔ سعودی پولیس نے جعل سازوں سے رقوم کے علاوہ جعلی دستاویزات برآمد کرلی ہیں۔ ان گرفتاریوں کے بعد قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔اس دوران سعودی عرب نے قوس قزح کے رنگ والے کھلونوں اور ملبوسات کی فروخت پر پابندی عائد کردی۔ سعودی عرب کے سرکاری ٹی وی کے مطابق حکام نے دکانوں سے قوس قزح کے رنگ والے کھلونوں اور ملبوسات کو بڑی تعداد میں ضبط کرلیا ہے اور اس کی فروخت روک دی گئی ہے۔