مینڈھر //ڈاک بنگلہ مینڈھر میں آل جموں وکشمیر ڈیلی ویجرز ایسوسی ایشن کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ایسوسی ایشن کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔صوبہ جموں کے ایسوسی ایشن صدر دیپک گپتا کی قیادت میں منعقدہ اجلاس کے دوران اراکین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ جل شکتی میں عارضی بنیادوں پر اپنی خدمات انجام دینے والے عارضی ملازمین کی تنخواہ جلدازجلد وگزار کی جائے ۔صوبائی صدر دیپک گپتا اور ٹریڈ یونین صدر تنویر حسین نے جموں وکشمیر انتظامیہ پر زور دیتے ہوئے کہاکہ عارضی ملازمین گزشتہ کئی عرصہ سے محکمہ میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں تاہم ابھی تک ان کی مانگیں پوری نہیں کی جاسکی ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیر انتظامیہ کےساتھ ساتھ بھاجپا کی مرکزی حکومت بھی ڈیلی ویجروں کےساتھ کئے گئے وعدے پورے کرنے میں پوری طرح سے ناکام رہی ہے جس کی وجہ سے ان عارضی ملازمین کے مسائل میں مزید اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے ۔اجلاس میں پریس سیکریٹری دانش شرما ،مقبول حسین ،ذوالفقار خان ویگران بھی شامل تھے ۔