عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // سب ڈویژن منڈی کی عوام تھنہ منڈی نے حکومت وقت سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بجلی ملازمین اپنی جان جوکھم میں ڈال کر لوگوں کی سہولیات کے لئے دن رات محنت کرتے ہیں لہذا اولین ترجیحات کی بنیاد پر ان کے جائز مطالبات پورے کئے جائیں اور انھیں مستقل کیا جائے۔ عوام کا کہنا تھا کہ متعلقہ محکمہ کے عارضی ملازمین دن رات محنت کر کے شدید گرمی، سردی اور برف و باراں کے موسم میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بناتے ہیں اسلئے انھیں اس کے عوض معقول تنخواہیں دی جانی چاہئیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر عوامی مفاد کے لئے جانے جاتے ہیں لہذا ہماری ان سے گزارش ہے کہ وہ محکمہ بجلی کے عارضی ملازمین کے جائز مطالبات پورا کریں۔ انھوں نے کہا کہ انتظامیہ کو چاہیے کہ بجلی کی بحالی کے ساتھ ساتھ ان ملازمین کی جائز مانگیں پوری کرے تاکہ کمر توڑ مہنگائی میں باآسانی ان کے بھی چولھے جل سکیں۔ اس سلسلے میں تھنہ منڈی کے متعدد علاقوں کے مکینوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ اور مرکزی سرکار محکمہ بجلی کے عارضی ملازمین کے مسائل کو جلد سے جلد حل کرنا چاہیے تاکہ آنے والی سردیوں میں وقتا فوقتاً بجلی کی غیر ضروری کٹوتی سے صارفین پریشان نہ ہوں۔ تھنہ منڈی کے متعدد عارضی ملازمین نے میڈیا سے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل قریب میں اگر ان کے معاملات حل نہیں کیے گئے تو بجلی صارفین کو شدید سردیوں کے موسم میں مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔لہذا گورنر انتظامیہ اور مرکزی حکومت کو چاہیے کہ وہ سردیاں شروع ہونے سے پہلے عارضی ملازمین کے ساتھ انصاف کرے تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔