ظلم و جبر سے حق خودارادیت سے دستبردار نہیں ہونگے

سرینگر//حریت (گ)چیرمین سید علی گیلانی نے حاجن میں  12سالہ معصوم بچے کو قتل کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس کو  ظلم و جبر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ نئی دہلی ایک منصوبہ بند سازش کے تحت بلا لحاظ عمر وجنس معصوم کشمیریوں کا آئے روز قتل کرکے یہاں کی حق پر مبنی جدوجہد برائے حصول حقِ خودارادیت کو دبانے اور ختم کرنے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہے۔ گیلانی نے سوپور، حاجن اور شوپیان میں جان بحق ہوئے جنگجوئوںاور 12سالہ معصوم بچے کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری مظلوم قوم تمام مظالم جواں مردی سے سہہ کر تحریک حصول حق خودارادیت کو ہر سطح پر پُرعزم طریقے سے تقویت بخش رہی ہے ۔ حریت چیرمین نے مزید کہا کہ بے انتہا ظلم وجبر کشمیری قوم کو اپنے پیدائشی حق حقِ خودارادیت کے حصول سے دستبردار کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہوگی، کیونکہ رواں تحریک کو یہاں کے عوام اپنے گرم گرم خون سے سینچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیراپنی قربانیوں کی سودابازی اور دغابازی کرنے نہیں دیں گے اور نہ ہی ان کے مقدس لہو کو ضائع ہونے دیں گے۔ حریت راہنما نے عالم انسانیت کو کشمیر کے حوالے سے مجرمانہ خاموشی توڑنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ کشمیریوں کو اپنا پیدائشی حق واگذار کرنے اور کشمیریوں کاقتل عام اور جبروقہر رکوانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انکاؤنٹر سائیٹ پر عام شہریوں کا جمع ہونا اس حقیقت کا بین ثبوت ہے کہ یہ کوئی لا اینڈ آرڈر والا مسئلہ ہے اور نہ اس کا دہشت گردی کے ساتھ کوئی تعلق ہے، بلکہ یہ ایک عوامی تحریک ہے اور کشمیر کا بچہ بچہ جبری قبضے کے خلاف اٹھ کھڑا ہوا ہے۔ انہوں نے جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ پر پابندی لگانے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔