سرینگر//مزاحمتی قائدین سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ یہاں تعینات فوج خون کے سوداگر ہیں اور انہیں بھارت کی جانب سے کشمیریوں کالہو بانے کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے۔گیلانی نے آصف اقبال کے جلوس جنازہ کی تقریب سے ٹیلیفون پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان جیسے جوانوں کی شہادتیں ہمارے لیے انتہائی افسوسناک اور رنج دہ ہیں اور ریاستی پولیس،فوج اور انتظامیہ کو قاتل قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اندھادھند طاقت کا استعمال کرتے ہوئے معصوم افراد کو زندگی کی نعمت سے محروم کررہے ہیں۔ انہوں نے ٹیلی فونک بیان میں راجستھان میں قتل کئے گئے 19سالہ زاہد احمد بٹ کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس بہیمانہ قتل کو خودکشی قرار دیا جارہا ہے۔ گیلانی نے کہا کہ ہم اس جبروتشدد، قتل وغارت اور دردناک صورتحال کی مذمت کرتے ہیںاورہمیں اس ظلم وجبر اور تشدد کے خلاف سینہ سپر ہونا چاہیے اور قاتلوں اور غاصب قوتوں کو ووٹ اور سپورٹ نہیںدینا چاہئے۔حریت (ع) چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے آصف اقبال کیبھارتی فورسز کے ہاتھوں وحشیانہ ہلاکت پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شدید الفاظ میں اس کی مذمت کی ۔ میرواعظ نے آصف اقبال کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اس صدی کا سب سے بڑا المیہ ہے کہ بھارتی فورسز کالے قوانین اور اپنے اختیارات کے بل پر معصوم اور نہتے کشمیریوں کو جب چایئے جہاں چائیے موت کے گھاٹ اتارر دیتی ہے۔ میرواعظ نے کہا کہ سرکاری فورسزکسی بھی قسم کی جوابدہی سے اپنے آپ کو بالاتر سمجھتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ گذشتہ تین دہائیوں سے بڑی بے دردی کے ساتھ کشمیر کے چھپے چھپے میں بے گناہوں کا خون بہا کر پورے کشمیر کو لالہ زار بنا دیا گیا ہے۔لبریشن فرنٹ چیئرمین ‘محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ معصوم آصف اقبال کا بہیمانہ قتل کرکے بھارتی فورسز نے ثابت کردیا ہے کہ خون کے خوگر یہ درندے ‘سزا اور بازپرس سے استثناء کے بل پر انسانوں کا خون بہاتے رہنے پر ہی مامور ہیں۔قتل و غارت کے اس سلسلے کیلئے بھارت کے ساتھ ساتھ اس کے کشمیری حواری بھی برابر کے شریک ہیںجو اس نسل کشی کو جواز فراہم کرنے پر مامور ہیں۔ ملک نے کہا کہ کپوارہ میں ایک اور کشمیری کے لہو کی ہولی کھیلی گئی اور ایک اور خاندان کو زخم زدہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی قابضین کے ہاتھوں ہونے والے اس بہیمانہ قتل نے ایک بار پھر اس حقیقت کو آشکارا کردیا ہے کہ بھارتی فورسز کسی بھی مواخذے اور سزا کے خوف سے مستثنیٰ ہونے کی بنیاد پر خون کے خوگر ہوچکے ہیں اور کشمیریوں کا خون بہانا ان کیلئے معمولی بات بن چکی ہے۔
ظلم و بربریت کی انتہا کا ثبوت،گیلانی، میر واعظ اور ملک سیخ پا
