سرینگر// لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ اِسلام آباد (اننت ناگ)قصبہ میں شلنگ کرکے کئی مکانات اور دکانات کو نذر آتش کرنے کی کارروائی سرکاری ظلم و جورکا واضح ثبوت ہے۔ انہوںنے کہاکہ پیلٹ، بلٹ،پاوا شیل اور دوسرے مہلک ہتھیاروں کا بے دریغ استعمال کرکے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو شکست نہیں دی جاسکتی۔جمعہ کو دن بھر اسلام آباد ٹاﺅن کے اندر پولیس اور فورسز کی اندھا دھند فائرنگ اور شیلنگ سے آدھ درجن کے قریب رہائشی مکانات اور کئی دوکانات جل کر خاکسترہوگئے ہیں اور کروڑوں روپے مالیت کا سازوسامان تباہ ہوگیا ہے ‘ کو پولیس اور فورسز کی صریح سرکاری ظلم وجبر سے تعبیر کرتے ہوئے یاسین ملک نے کہا کہ بات بات پر بے انتہا شلنگ کرنا اور لوگوں کی آواز کو دبانے کےلئے گولیوں،لاٹھیوں،پیلٹ اور پاوا کا بے دریغ استعمال پولیس کا محبوب مشغلہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی آواز کو اُٹھنے سے قبل ہی دبادینے کا ہٹلری جذبہ فورسز اور پولیس کو ظالم بنا چکا ہے اور اس ظلم کے چلتے کوئی اخلاقی قدر یا انسانی جذبہ ان کے لئے قابل قبول نہیں ہے۔ یاسین ملک نے گزشتہ روز اسلام آباد میں شلنگ اور آگ سے متاثر ہ ہونے والے کنبوں اور دکانداروں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کے ساتھ ہمدردی اور ان کی مدد و نصرت ہمارا ملی فریضہ ہے اور آج ماہ رمضان المبارک کے مقدس ایام میں ہمیں بھی اپنے ان متاثرہ بھایﺅں کی مد د و نصرت کےلئے آگے آنا چاہئے۔
ظلم وجبرکا ہتھکنڈہ: ملک
