ظفرالاسلام کا بیان حقیقت سے بعید:نیشنل کانفرنس

 سرینگر// نیشنل کانفرنس نے بھاجپا ممبر پارلیمنٹ ظفر الاسلام کے اُس بیان کو گمراہ کن اور حقیقت سے بعید قرار دیا ،جس میں موصوف نے کہا کہ جموں کشمیر میں دفعہ370کی تنسیخ کے بعد مرکزی زیر انتظام والا خطہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ پارٹی کے معاون جنرل سیکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال نے کہا کہ ظفر الاسلام کا یہ بیان’’ صداقت  سے بعید،صریحاً جھوٹ اور حقیقت سے کوسوں دور ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام نے دفعہ370اور35ائے کی منسوخی کو پہلے ہی مسترد کیا ہے کیونکہ ان دفعات کے تحت ہی جموں کشمیر کو خصوصی درجہ حاصل ہوا تھا اور مرکز کے ساتھ جموں کشمیر کا ان ہی دفعات کے ساتھ رشتہ جڑا تھا۔کمال نے کہا کہ جب سے جموں کشمیر کی خصوصی پوزیشن کو ختم کیا گیا ہے تب سے جموں کشمیر تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔ان کا کہنا تھا’’ اظہار رائے پر قدغن اور کالے قوانین ٹھونسے جا رہے ہیں‘‘۔ڈاکٹر کمال نے مزید کہا کہ ظفر الاسلام کو اصل حقائق جاننے کی کوشش کرنی چاہے،جبکہ انہوں نے موصوف کو کشمیری عوام سے معافی مانگنے کا مشورہ دیا۔انہوں نے کہا کشمیری عوام کے علاوہ ڈوگرہ اور لداخی عوام بھی جموں کشمیر کو مرکزی زیر انتظام والے خطے میں تبدیل کرنے کے خلاف ہے۔