طیارے کی سڑک پر ہنگامی لینڈنگ،ایران میں 5 افراد زخمی

تہران//ایران میں طیارے کو فنی خرابی کے باعث اصفہان شہر کی ایک سڑک پر اتارنا پڑگیا، جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔ایران کی سرکاری خبرایجنسی کے مطابق مشہد سے اڑان بھرنے والے نجی کمپنی کے طیارے کو فنی خرابی کے باعث اصفہان کی ایک سڑک پرایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑی۔ ایمرجنسی لینڈنگ میں 5 مسافرمعمولی زخمی ہوگئے۔ طیارے میں 119 مسافر سوار تھے۔ ایمرجنسی لینڈنگ کے بعد مسافروں اورعملے کے ارکان کو ہوابھری سیڑھیوں کی مدد سے طیارے سے باہرنکالا گیا۔2020 میں بھی ایک ایرانی طیارے کوفنی خرابی کی وجہ سے ائیرپورٹ سے باہرسڑک پرلینڈنگ کرنا پڑی تھی۔ ادھرمغربی کنارے کی مصروف ترین ہائی وے کی چورنگی پر مسافر بردار وین کو سیمنٹ کی بوریوں سے لدے ٹرک نے کچل دیا جس کے نتیجے میں 7 مسافر موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ریسکیو ادارے نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے 3 زخمیوں کو اسرائیل کے ایک اسپتال منتقل کیا جہاں ایک زخمی نے دوران علاج دم توڑ دیا اس طرح ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 8 ہوگئی جب کہ 2 شدید زخمی اب بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ فلسطین کے صدر محمود عباس نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے جب کہ اسرائیلی وزیردفاع کے دفتر سے جاری بیان میں واقعے پر لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہتر سے بہتر طبی امداد فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔