طلباء کی ترقی کیلئے پالیسیاں وضع کی جائیں

 سرینگر//گورنر ستیہ پال ملک نے یہاں ایس کے آئی سی سی سری نگر میں منعقدہ نیشنل انسٹی چیوٹ آف ٹیکنالوجی سری نگر کی کنووکیشن سے خطاب کیا۔ سابق چیئرمین یو جی سی پروفیسر وید پرکاش اس موقعہ پر مہمان ذی وقار کی حیثیت سے موجود تھے۔گورنر نے سال 2016 ء، 2017ئاور 2018ء کے ایم ٹیک ، ایم ایس سی اور بی ٹیک میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے طلاب میں 47 گولڈ میڈل تقسیم کئے ۔کنووکیشن کے دوران 49پی ایچ ڈی ، 2ایم فل ،291ایم ٹیک ، 9ایم ایس سی ، 1575 بی ٹیک ڈگریاں بھی ایوارڈ کی گئیں۔گورنر نے اپنے خطاب میں تمام ایلومنے جنہوں نے کنووکیشن میں ڈگریاں اور میڈل حاصل کئے کے روشن مستقبل کیلئے دعا کی۔ انہوں نے ادارے کے ڈائریکٹر اور ان کے رفقاء ، عملہ اور طلاب کو بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ستائش کی۔تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے گورنر نے کہا کہ کسی بھی سماج کی ترقی علم حاصل کرنے اور پھیلانے پر منحصر ہے ۔تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے گورنر نے کہا کہ پالیسی سازوں کو چاہیئے کہ نوجوانوں کو ترقی کرنے اور خوشحال زندگی حاصل کرنے کے لئے انہیں بہتر مواقع فراہم کریں تاکہ ان کی قابلیت اور صلاحیتوں میں نکھار لایا جاسکے۔گورنر نے ادارے سے کامیاب دئیے گئے طلاب پر زور دیا کہ وہ سماج کی ترقی اور ملک کی خوشحالی کے لئے مستقبل میں اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لائیں۔اس سے قبل ڈائریکٹر این آئی ٹی پروفیسر راکیش سہگل نے ڈائریکٹرس ایڈرس پیش کیا۔ اس موقعہ پر گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی ، مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر ، فیکلٹی ممبران ، طلاب ، والدین اور کئی معزز شخصیات موجود تھیں۔