جموں//ریاستی حکومت نے موجودہ اور نئے تعلیمی اداروں کے فروغ کا کام دردست لیا ہے تا کہ طلبا اس سے مستفید ہوں ۔ نئے ڈگری کالجوں ، قومی سطح کے اداروں اور موجودہ اداروں کے ڈھانچوں کی ترقی کا کام ہاتھ میں لیا گیا ہے ۔ یہ کام مختلف سکیموں اور وزیر اعظم ترقیاتی پیکج کے تحت ہاتھ میں لئے گئے ہیں ۔ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں ترقیاتی اور تدریسی سرگرمیوں کا جائیزہ لیتے ہوئے وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے کہا کہ حکومت کا اس بات میں محکم یقین ہے کہ معیاری ڈھانچے اور فیکلٹی کی غیر موجودگی میں کوئی بھی ادارہ اہداف کو حاصل نہیں کر سکتا ہے ۔ میٹنگ میں تعلیم کی وزیر مملکت پریا سیٹھی ، جموں یونیورسٹی کے وایس چانسلر ڈاکٹر آر ڈی شرما ، سنٹرل یونیورسٹی جموں کے وائس چانسلر پروفیسر اشوک آئمہ ، کلسٹر یونیورسٹی جموں کی وائس چانسلر انجو بھسین ، کمشنر سیکرٹری محکمہ اعلیٰ تعلیم ، تینوں یونیورسٹیوں کے فیکلٹی ممبران اور ڈگری کالجوں کے فیکلٹی ممبران کے علاوہ جے کے پی سی سی کے افسران بھی موجود تھے ۔ تدریسی سرگرمیوں پر زور دیتے ہوئے وزیر نے تدریسی عملے کو ہدایت دی کہ وہ طلبا کے ساتھ تال میل بڑھائیں اور انہیں درپیش مشکلات کو سمجھیں ۔ انہوں نے کالجوں کے پرنسپل صاحبان کو اس سلسلے میں خصوصی ہدایات دیں ۔ انہوں نے کالجوں کے سربراہوں کو طلبا کے ساتھ متواتر تبادلہ خیال کرنے کیلئے کہا ۔ وزیر نے تعلیمی اداروں میں بیرونی مداخلت کی حوصلہ شکنی کی ہدایت دی تا کہ ان اداروں کو خود غرض عناصر سے دور رکھا جائے ۔ وادی میں طلبا کے احتجاج کا ذکر کرتے ہوئے وزیر نے کئی کالجوں کے سربراہوں کی ستایش کی جنہوں نے حالات کو بے قابو نہیں ہونے دیا ۔ وزیر نے کالجوں کے فیکلٹی ممبران کے مسائل حل کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ انہوں نے اعلیٰ تعلیم محکمہ کو اس سلسلے میں دربار موو سے قبل ایک جامع منصوبہ تیار کرنے کیلئے کہا ۔ادھرجموں وکشمیر کے محکمہ اعلیٰ تعلیم نے اپنی سرکاری ویب سائٹ کاآغاز کیا۔ ویب سائٹ کا وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری اور وزیر مملکت برائے تعلیم پریاسیٹھی نے آغاز کیا۔ محکمہ کی سرکاری ویب سائٹ www. jkhighereducation.nic. in ریاست کے طو ل و ارض میں پھیلے تمام اعلیٰ تعلیمی اداروں کے وسیع جال اور محکمہ کی کام کاج سے متعلق مفصل جانکاری فراہم کرے گی۔پورٹل ریاست کی یونیورسٹیوں ڈگری اور پیشہ وارانہ کالجوں میں دستیاب مضامین سے متعلق مکمل معلومات فراہم کرنے کے علاوہ ریاست میں اعلیٰ تعلیم و تحقیق کو یقینی بنانے کے لئے محکمہ کی جانب سے جاری مشن سے متعلق جانکاری فراہم کررہا ہے۔اس موقعہ پر محکمہ نے اپنی نیوز لیٹرای ڈی یو پلس ایمرجنگ ٹرنڈس کا افتتاحی اشو بھی جاری کی۔نیوز لیٹرمیں محکمہ کی تعلیمی اور ترقیاتی محاذوں پر جاری ترقی اور سرگرمیوں کو اُجاگر کیا گیا ہے۔