جموں //جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ درس و تدریس کے عمل کو طلاب کیلئے زیادہ سے زیادہ فائدہ بخش بنانے کے لئے ترغیب ، اشتراک اور توجہ کی سہ رخی حکمت عملی اپنائیں۔انہوںنے کہا کہ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کے لئے کلید ی اہمیت رکھتی ہے اور قوموں کے مستقبل اور شناخت کی ساخت اور تقدیر سازی میں استاد کا کافی اہم کردا ر ہے۔سپیکر نے ان باتوں کا اظہار آج گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول سنجون میں طلاب ، والدین اور فیکلٹی ممبران کے اجتماع سے خطا ب کر تے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ درس و تدریس کا پیشہ نہایت ہی معزز پیشہ ہے اور اساتذہ کو اپنے فرائض ایک عظیم خدمت سمجھ کر اد اکرنی چاہیئے۔انہوں نے طلاب کو ثقافتی تعلیم دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ درس و تدریسی کے ساتھ ساتھ طلاب کو اعلیٰ اخلاق کی قدریں سیکھانے کی ضرورت ہے تاکہ ان کی شخصیت سازی یقینی بن سکے۔طلاب کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے سپیکر نے انہیں محنت شاقہ سے کام کر کے کامیابی کی اونچائیوں سے ہمکنار ہونے کے لئے کہا۔ ان کی مانگوں کے ردعمل میں سپیکر نے ادارے کے لئے 100 ڈیسک فراہم کرنے کے لئے رقم دینے کا اعلان کیا۔ دورے کے دوران سپیکر نے ادارے کو ماڈل سکول کے طور پر ترقی دینے کے لئے جاری کاموں کا بھی معائینہ کیا ۔واضح رہے کہ ادارے میں کلاس رومز کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے ، نئی لیبارٹریاں ، سمارٹ کلاسز قائم کرنے،سکول کے کھیل میدان ، منی سٹیڈیم ،پارکنگ الاٹ ، واش رومز کی تعمیر پر جاری کام کا جائزہ لیا۔ ا س موقعہ پر طلاب نے تعلیم کی اہمیت سے متعلق ایک ڈرامہ پیش کیا۔ سپیکر نے بہترین کارکردگی کے لئے طلاب میں نقد انعامات تقسیم کئے۔سینئر سیاسی لیڈر بلدیو سنگھ بلوریہ، انجینئر اشونی کھوسلہ ، پرنسپل ،مقامی معززین اور طلاب کی بھاری تعداد موجود تھیں۔بعد میں سپیکر نے گاندھی نگر حلقہ انتخاب میں ذیلی سڑکوں اور نالیوں کی تعمیر کے کام کا افتتاح کیا جن میں مستری محلہ کی نالی بھی شامل ہے جو محکمہ تعمیرات عامہ تعمیر کررہا ہے۔