طغیانی متاثرین کی بروقت بازآبادکاری

سرینگر//نیشنل کانفرنس نے حالیہ طغیانی ریلوں کے دوران ہوئے جانی اور مالی نقصان پرزبردست رنج وغم کااظہار کرتے ہوئے متاثرین کی بروقت بازآبادکاری اورانہیں امداد فراہم کرنے پرزوردیا ہے۔ایک بیان کے مطابق پارٹی کے صوبائی اجلاس میں کشتواڑ اور دیگر مقامات پر موسم کی قہرسامانیوں سے لقمہ اجل بنے افراد  کی روح کے ابدی سکون  کی دعاکی گئی۔ اجلاس میں کشتواڑ میں بچائو کارروائیوں میں سرعت لانے پر بھی زور دیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے کہا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر سے ممبرشپ مہم میں ٹھہرائو آگیا تھا تاہم ممبرشپ مہم نے پھر سے رفتار پکڑ لی ہے جو ایک خوش آئندہ بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ خوشی اس بات ہے کہ پڑھے لکھے اور نوجوان لڑکے لڑکیاں نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ اس بڑی تعداد میں نوجوانوں کا نیشنل کانفرنس کی طرف راغب ہونا بہت ہی زیادہ حوصلہ افزاء بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ تینوں خطوں کے عوام اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ نیشنل کانفرنس نے ہی ماضی میں تمام چیلنجوں کا سامنا کیا ہے اور یہی جماعت موجودہ چیلنجوں سے بھی یہاں کے عوام کو نکال سکتی ہے۔ تاہم اس کے ضروری ہے کہ ہم اپنی صفوں کو مضبوط کریں اور پارٹی کی مضبوطی کے ساتھ ساتھ زمینی سطح پر لوگوں کیساتھ قریبی رابطہ رکھیں۔