طالب علموں کیلئے کونسلنگ ہیلپ لائن کا آغاز

جموں//سیکریٹری سکولی تعلیم اجیت کمار ساہو نے ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن کے دفتر میں طالب علموں کے امتحانات سے جُڑے مسائل حل کرنے کیلئے ایک کونسلنگ ہیلپ لائن کا افتتاح کیا ۔ جموں صوبے کے تمام سرکاری سکولوں کے طالب علموں کیلئے اس ہیلپ لائین کا نمبر 6006800068 ہو گا طالب علم ای میل [email protected]  پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں ۔ اس موقعہ پر ناظمِ تعلیم جموں انورادھا گپتا اور محکمہ کے دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ سیکریٹری موصوف نے کہا کہ طالب علم اس نمبر پر یا ای میل ایڈریس پر صبح ساڑھے دس بجے سے سہ پہر چار بجے تک ایامِ کار کے دوران رابطہ کر سکتے ہیں تا کہ اُن کے استفسارات کے تعلق سے اُن کی کونسلنگ کی جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضرورت پڑنے کی صورت میں یہ سروس عنقریب دن رات چالو کی جائے گی ۔ اس ہیلپ لائین سے اساتذہ ، والدین اور دیگر متعلقین بھی رابطہ کر سکتے ہیں ۔ طالب علموں کے ساتھ تال میل کیلئے چھ تعلیمی اداروں کے سربراہوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے سکولوںمیں کونسلنگ روم قایم کریں ۔ انفرادی کونسلنگ کیلئے کونسلر مخصوص ایام کے دوران دستیاب رہیں گے ۔ سیکرٹری تعلیم نے ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن اور اُن کی ٹیم کو یہ سہولت شروع کرنے کیلئے مبارکباد دی ۔ اس موقعہ پر سیکرٹری کو کونسلنگ سیل سے متعلق تفصیلی جانکاری دی گئی ۔