طالب علموں پر فورسزکی یلغار کشمیری قوم کے مستقبل پرحملہ

 سرینگر//مسلم لیگ،ڈیموکریٹک پولیٹکل مومنٹ،لبریشن فرنٹ ( آر )، اسلامک پولٹیکل پارٹی، مسلم ڈیموکریٹک لیگ اور تحریک مزاحمت نے طالب علموں اور تعلیمی اداروں پرحملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ کالجوں اوردیگرتعلیمی اداروں پرپولیس وفورسزکی یلغاراصل میں کشمیری قوم کے مستقبل پرسیدھا وارہے ۔اس دوران ریاست کے مفتی اعظم نے کالجوں اور سکولوں ہائر سیکنڈری سکولوں کے طالب علموں پرحملے کو بزدلانہ حرکت سے تعبیرکیا ہے۔مسلم لیگ کے ترجمان سجادایوبی نے طالب علموں پر بے تحاشہ طاقت کے استعمال پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف یہاں جمہوریت کے بلند بانگ دعوے کئے جاتے ہیں اور انسانی حقوق کے تحفظ کا ڈھنڈورا پیٹا جاتا ہے وہیں دوسری طرف دعویٰ کرنے والے اپنے ہی ہاتھوں سے جمہوریت کا گلہ گھونٹ رہے ہیں اور انسانی حقوق کی مٹی پلید کر رہے ہیں ۔ڈیموکریٹک پولیٹکل مومنٹ کے چیئرمین ایڈوکیٹ محمدشفیع ریشی نے پلوامہ کے بعدسرینگراوروادی کے دیگر قصبوں میں طلاب پرطاقت استعمال کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس وفورسزکی یہ یلغاراصل میں کشمیری قوم کے مستقبل پرسیدھاحملہ ہے ۔موصولہ بیان کے مطابق پارٹی ایگزیکٹوکمیٹی کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی ایم چیئرمین ایڈوکیٹ محمدشفیع ریشی نے کہاکہ اگرظالم کوئی ظلم ڈھائے تومظلوم کواس کے بعدظالم سے انصاف کی اُمیدنہیں رکھنی چاہئے ۔انہوںنے پلوامہ میں ڈگری کالج طلاب پرڈھائے گئے تشدداوراسکے خلاف احتجاج کرنے والے طلباء وطالبات کیخلاف طاقت کے استعمال کوطاغوتی طرزعمل قراردیا۔ڈی پی ایم چیئرمین نے تعلیمی اداروں پریلغاراورطلاب کی مارکوخطرناک منصوبے کی ایک کڑی سے تعبیرکرتے ہوئے کہاکہ ہمیں اپنی نوجوان نسل کوظالمانہ ہتھکنڈوں سے محفوظ رکھنے کیلئے ہوشمندی اوردوراندیشی کے ساتھ حکمت عملی مرتب کرناہوگی ۔لبریشن فرنٹ ( آر ) کے چیئرمین فاروق احمد ڈار ( بٹہ کراٹے ) نے اپنے ایک بیان میںکہا ہے کہ دنیا کے کسی بھی خطے میں طالب علموںپر تشدد روا نہیں رکھاجاتا اور انہیں ہر مہذب سماج میں ایک اعلیٰ مقام حاصل ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں طلاب کے ساتھ بہیمانہ سلوک روا رکھا جارہا ہے جس کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے پلوامہ کالج کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فورسز نے بہانہ تراشنے کی آڑ میں کالج کے باہر ناکہ لگایا اور پھر گیٹ پر تالہ چڑھاکر اندر داخل ہوئے اور طلباء کی شدید مارپیٹ کی اور کئی ایک کو زخمی کیا ۔انہوں نے اس حرکت کو اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ فورسز جان بوجھ کر طلباء کو نشانہ بنارہے ہیں ۔ اسلامک پولٹیکل پارٹی کے سربراہ محمد یوسف نقاش ، مسلم ڈیموکریٹک لیگ کے صدر حکیم عبدالرشید اور تحریک مزاحمت کے جنرل سیکریٹری سلیم زرگر نے طلاب پر فورسز کی طرف سے بے تحاشا طاقت و تشدد کی کارروائیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کر تے ہو ئے کہا کہ تعلیمی اداروں اور طلبا ء کے خلاف یہ حرکت ظلم وجبرکی انتہا ہے۔ادھر ریاست کے مفتی اعظم مفتی بشیر الدین احمد نے حال میں ہی کالجوں اور سکولوں ہائر سکنڈری سکولوں کے طلباء و طالبات پر فورسز کے حملہ کرنے کوانتہائی شرمناک اور بزدلانہ حرکت سے تعبیرکیا ہے اور کہا ہے دُنیا کی مہذب اقوام میںکہیں بھی ایسی حرکتوں کا ارتکاب نہیں کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کی حالت دن بہ دن تباہ ہو رہی ہے جوکہ اس بات پر دلالت کر رہی ہے کہ مرکزاور ریاستی حکومت بالکل تنہاپڑھ گئی ہے اور عوام کے غم و غصہ میںروز بہ روزاضافہ ہوتا جارہا ہے۔