ضلع ہسپتال راجوری میں بھاری بھیڑ

 راجوری //ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد نے گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال سے منسلک راجوری ضلع ہسپتال کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے متعلقہ افسران کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ گزشتہ روز انہیں خود قطار میں کھڑے رہ کر یہ احساس ہواکہ مریضوںکو رجسٹریشن سلپ کیلئے طویل وقت انتظار کرناپڑتاہے ۔انہوں نے میڈیکل سپرانٹنڈنٹ کو ہدایت جاری کی کہ وہ دو مزید کائونٹر کھولیں تاکہ مریضوںکو قطاروں میں کھڑانہ رہناپڑے ۔انہوں نے یہ ہدایت بھی دی کہ میڈیسن اوپی ڈی کیلئے ایک اضافی کمرہ دستیاب رکھاجائے ۔انہوں نے کہاکہ اس ہسپتال میں پونچھ اور ریاسی کے مریض بھی آتے ہیں جن کو دیکھتے ہوئے ایسے اقدامات کئے جانے چاہئیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہاکہ وہ مخصوص دنوں میں ضلع ہسپتال میں رہیں گے تاکہ مریضوں کے مسائل کا حل نکالاجاسکے ۔ڈپٹی کمشنر نے اوپی ڈی ، آئی پی ڈی بلاکوں، کیجولٹی کادورہ کرکے مریضوں ،ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے ملازمین و انتظامیہ پر زور دیاکہ وہ ہسپتال میں صفائی ستھرائی کو یقینی بناتے ہوئے مریضوں کو فراہم کی جارہی خدمات میں بہتری لائیں اور دوستانہ ماحول اپنایاجائے ۔