ضلع کمشنر سرینگرکااسپتالوں کادورہ

سری نگر//ضلع ترقیاتی کمشنر سر ی نگر محمد اعجاز اَسد نے آج شہر کا تفصیلی دورہ کیا۔اُنہوں نے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال ، لل دید ہسپتال ، پانتہ چوک ہائی وے ، مومن آباد بتہ مالو اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا تاکہ صدفیصد ہدف حاصل کرنے کے لئے جاری کووِڈ ۔19 ٹیکہ کاری عمل کا معائینہ کیا جاسکے۔دورے کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سری نگر سیّد حنیف بلخی ، چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر جمیل اور دیگر متعلقہ اَفسران تھے۔ڈپٹی کمشنر سری نگر نے ٹیکہ کاری عمل کے بارے میںکہا کہ کووِڈ ۔19 پروٹوکال پر سختی سے عمل پیرا ہونے کو یقینی بنایا جائے ۔ اُنہوں نے شہریوں کی صحت کو محفوظ رکھنے اور صد فیصد ٹیکہ کاری ہدف حاصل کرنے کے لئے متعلقین کو مزید تن دہی اور لگن کے ساتھ کام کرنے کو کہا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ماسک پہننا ، ذاتی حفظان صحت اور معاشرتی فاصلے کو برقرار رکھنے جیسے کووِڈ مناسب طرز عمل پر سختی سے عمل پیرا ہونے کو یقینی بنانے کے لئے کئے گئے  اِقدامات کا بھی جائزہ لیا۔اُنہوں نے کہا کہ کووِڈ۔19 سے نمٹنے کے لئے ہمارے پاس ویکسی نیشن اور سی اے بی واحد ذرائع ہیں ۔ اُنہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ قریبی ویکسی نیشن جگہ پر جاکر کووِڈ حفاظتی ٹیکے لگائیں تاکہ کورونا وبائی وائرس سے بچایا جاسکے۔
ؔ
ؔ