ضلع پونچھ کے معزورین ایک برس سے پنشن سے محروم وفد ڈی سی پونچھ سے ملاقی،پنشن و دیگر مطالبات حل کرنے کا مطالبہ

عشرت حسین بٹ

منڈی// ضلع پونچھ کے معزورین گزشتہ ایک برس سے پنشن سے محروم اور دیگر مشکلات سے بھی دوچار ہیں ۔ان خیالات کا اظہار پونچھ کی تحصیل منڈی کے علاقہ اڑائی سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکن مولوی فرید ملک نے یہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک سال سے ضلع پونچھ کے معزورین پنشن سے محروم ہیں اور انہیں سرکار کی جانب سے ابھی تک انتودیاسکیم کے تحت راشن بھی نہیں دیا جاتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ معزورین کے بہت سے ایسے مسائل ہیں جنہیں سرکار نے بستہ خاموشی میں رکھا ہوا ہے جس کی وجہ سے معزورین کو بہت ساری مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مولوی فرید کا کہنا تھا کہ سرکار کی جانب سے جہاں پڑھے لکھے معزورین کے لیے نوکری کے لیے 4فیصدکوٹا رکھا گیا ہے وہیں معزورین کو زمین سطح پر اس طرح کی نوکریوں سے دور ہی رکھا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ متعدد معزورین کو محکمہ امور صارفین کی جانب سے انتودیا کے بجائے بی پی ایل زمرے میں رکھا گیا ہے جو کہ ان کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے۔ انہوں نے ایل جی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ جلد از جلد معزورین کی پنشن واگزار کی جائے اور ساتھ ہی اس طبقہ سے جڑے لوگوں کے جتنے بھی معاملات ہیں، ان کو جلد حل کیا جائے ۔موصوف کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے انہوں نے اپنے معزور ساتھیوں سے مل کر ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے بھی ملاقات کی جنہوں نے انہیں جلد مطالبات حل کرنے کی یقین دہانی کروائی ۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ان کے مطالبات جلد حل نہیں کیے گئے تو وہ احتجاج کی راہ اپنائیں گے۔