ضلع پونچھ کے بالائی علاقوں میں رواں سال کی پہلی برف باری،سردی میں شدت

عشرت حسین بٹ

منڈی// سنیچر کو بعد دوپہر ضلع پونچھ کے بالائی علاقوں میں بارش کے ساتھ ہی رواں سال کی پہلی برف باری کا سلسلہ شروع ہوا جس کی وجہ سے سردی میں بھی شدت دیکھنے کو ملی۔ بتادیں کے ضلع کے ساوجیاں ،لورن، آڑائی ،بیدار ،بلنائی علاقوں میں اس برس کی پہلی برف باری ہوئی جس کی وجہ سے اگرچہ سردی میں اضافہ دیکھنے کو ملا مگر وہیں اس برف باری سے عام لوگوں میں خوشی بھی پائی جا رہی ہے۔ان علاقوں کے لوگوں کا کہنا تھا کہ گزشتہ کافی عرصہ سے موسم خشک تھا جس کی وجہ سے اکثر لوگوں کوکھانسی ،بخار اور زکام جیسی بیماری ہو رہی تھی۔لوگوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ خشک موسم کی وجہ سے قدرتی چشموں کا پانی بھی سوکھ رہا تھا اور لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ساوجیاں علاقہ سے تعلق رکھنے والے عبد المجید نامی شخص نے بتایا کہ دور دراز علاقوں میں رہ رہے اکثر لوگ خشک موسم کی وجہ سے متعدد بیماریوں میں ملوث ہو رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ کھانسی، بخار اور زکام عام ہو رہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں برف باری اور بارش کی وجہ سے بیماریاں کم ہونگی وہیں آنے والے وقت میں لوگوں کی فصلوں میں بھی اضافہ ہوگا۔ ضلع پونچھ کے دوردراز علاقوں میں رہنے والی عوام نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ عوام کے لیے راشن، رسوئی گیس ،بہتر بجلی اور دوسری اشیاء کا ان کے علاقوں میں انتظام رکھیں تاکہ انہیں کسی قسم کی پریشانی سے دوچار نہ ہونا پڑے۔

برف میں پھنسی4 گاڑیوں اور 10لوگوں کوبچایاگیا
عشرت حسین بٹ
منڈی// ضلع پونچھ کے بالائی علاقوں میں جہاں سنیچر کو شدید برف باری ہوئی ہے وہیں ضلع کے گگڑیاں علاقہ میں شدید برف باری میں پھنسی چار گاڑیوں اور قریب دس لوگوں کو پولیس اور مقامی لوگوں نے بازیاب کیا ۔ذرائع کے مطابق منڈی کے ساوجیاں گگڑیاں میں شدید برف میں چار گاڑیاں پھنس گئیں جس کے بعد ان گاڑیوں میں سوار لوگوں نے متعلقہ پولیس چوکی کو خبر کی۔ بعد ازاں چوکی آفسر کی سربراہی میں پولیس کی ایک ٹیم اور مقامی لوگوں نے چار گاڑیوں سمیت دس لوگوں کوبچالیا لیا۔ اس حوالے سے چوکی آفسر ساوجیاں شبم شرما نے بتایا کہ انہیں جونہی یہ خبر موصول ہوئی تو انہوں نے پولیس کی ایک ٹیم اور مقامی لوگوں مقامی لوگوں کی مدد سے ساوجیاں کے سرحدی علاقہ گگڑیاں میں برف باری میں پھنسی چار گاڑیوں اور دس لوگوں کو بازیاب کر کے انہیں محفوظ مقامات پر پہنچا دیا۔

مغل شاہراہ ٹریفک آمد و رفت کےلئے بند
عشرت حسین بٹ
پونچھ//خطہ پیر پنچال کو وادی سے ملانے والی تاریخی مغل شاہراہ کو تازہ برف باری کے بعد سنیچر کو حکام نے گاڑیوں کی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا ہے۔سنیچر کو بعد دوپہر موسم میں تبدیلی کے بعد مغل شاہراہ پر چندی مڑھ سے لیکر پیر کی گلی تک شدید برف باری کا سلسلہ شروع ہو جس کی وجہ سے شاہراہ کو ٹریف آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا ۔مغل شاہراہ پر تعینات انجینئر طاہر شیخ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ دوپہر تین بجے سے قبل شاہراہ پر ٹریفک آمدورفت جاری تھی لیکن تین بجے بعد شدید برف باری کی وجہ سے شاہراہ کو ٹریفک آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ برف باری کا سلسلہ رکنے اور موسم میں بہتری کے بعد شاہراہ کو قابل آمد و رفت بنانے کے بعد ٹریفک آمد و رفت کے لیے کھول دیا جائے گا۔